پے در پے ناکامیاں،بابر اعظم کی کپتانی خطرے میں پڑ گئی

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی پے در پے ناکامیوں کے بعد ان کی کپتانی خطرے میں پڑ گئی، سابق کرکٹرز نے چئیرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کو نیا کپتان لا کر بابر اعظم سے کپتانی کو بوجھ ختم کرنے کا مشورہ دے دیا، بابر اعظم حالیہ ورلڈ کپ میں اب تک صرف ایک نصف سنچری اسکور ہی کر سکے ہیں جبکہ ان کی خراب فارم کی وجہ سے ٹیم کو بھارت اور آسٹریلیا کے خلاف مسلسل ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ بابر اعظم کی قیادت میں ٹیم ورلڈ کپ کھیلنے گئی تو اس کی عالمی رینکنگ نمبر ون تھی جبکہ کپتان بابر اعظم بیٹرز کی ون ڈے رینکنگ میں نمبر ون تھے۔ ان رینکنگ کی وجہ سے بابر اعظم اور قومی ٹیم سے ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی کی توقع کی جا رہی تھی جوابتدائی میچوں میں پوری نہ ہو سکی۔

ذرائع کے مطابق اس خراب کارکردگی کے بعدچیئرمین ذکا اشرف نے سابق کرکٹرز سے مشاورت کی ہے جنہوں نے ٹیم میں بہتری لانے کے لئے بعض تبدیلیوں کا مشورہ دیا ہے جن میں کپتان کی تبدیلی بھی شامل ہے۔ ذرائع کے مطابق سابق کرکٹرز نے باور کرایا ہے کہ بابر اعظم کپتانی کے بوجھ کی وجہ سے اپنی فارم بھی کھو بیٹھے ہیں جس کا ٹیم کو نقصان ہو رہاہے جبکہ ان کی جانب سے مختلف اوقات میں بطور کپتان غلطیاں بھی کی جارہی ہیں جس کا ٹیم کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ چیئرمین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ بابر اعظم کو ہٹا کر کسی دیگرسینئر کھلاڑی کوکپتان بنا دیا جائے ۔

ذرائع کے مطابق وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان بطور کپتان ایک مضبوط امیدوار ہیں جبکہ فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کا نام ایک بار پھر فیوچر کپتان کے طور پر سامنے آ رہا ہے۔ یاد رہے کہ محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی بطور کپتان پی ایس ایل جیت چکے ہیں۔ قبل ازیں سابق چیئرمین پی سی بی رمیض راجہ اورنجم سیٹھی بھی ماضی میں سابق کرکٹرز کی مشاورت کی وجہ سے بابر اعظم کو بطور تبدیل کرنے کی بات کر چکے ہیں مگر بابر اعظم کی کامیابیوں کی وجہ سے وہ اس پر عمل درآمد نہیں کر سکے تھے۔
با بر اعظم