کرکٹ ورلڈ کپ: افغانوں نے شاہینوں کو ڈھیر کردیا

چنئی: آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2023 میں دوسرا بڑا اپ سیٹ،افغانستان نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی،افغانستان نے 283 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی پورا کرلیا۔ افغانستان نے پاکستان کی ٹاپ بائولنگ کا بھرکس نکال دیا،رحمان اللہ گرباز اور ابراہیم زردان نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا،گرباز 65 جبکہ ابراہیم زردان 87 رنز بناکر آئوٹ ہوئے،افغانستان کی پہلی وکٹ 130 رنز کے اسکور پر گری۔پاکستان کی جانب سے ناقص بائولنگ کے ساتھ ساتھ ناقص فیلڈنگ کا مظاہرہ بھی کیا گیا جس کے باعث افغان کھلاڑی رنز اسکوربورڈ پر جوڑنے میں کامیاب رہے۔رحمت شاہ 77 اور کپتان حشمت اللہ شاہدی 48 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔

شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی نے 1 1 وکٹ حاصل کی۔افغانستان نے ون ڈے میچز کی تاریخ میں پہلی بار پاکستان کو شکست دے کر شکستوں کا سلسلہ توڑ دیا ہے۔بھارت کے شہر چنئی کے چدم برم سٹیڈیم میں کھیلےگئے میچ میں پاکستان نے افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کو 56 رنز پر پہلا نقصان اٹھانا پڑا، اوپنر امام الحق 17 رنز بناکر عظمت اللہ عمرزئی کی گیند کا شکار ہوئے۔

پاکستان کی دوسری وکٹ 110 رنز پر گری، اوپنر بلے باز عبداللہ شفیق افغانی باؤلر نور احمد کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے 2 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 75 گیندوں پر 58 رنز بنائے۔کپتان بابراعظم آج اپنی فارم میں نظر آئے اور انہوں نے 74 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ سعود شکیل 24 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔آج پاکستان کا مڈل آرڈر بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کرنے میں کامیاب رہا،افتخار احمد اور شاداب خان نے 40 40 رنز بنائے جس کی بدولت پاکستان 282 رنز بنانے میں کامیاب رہا۔

اسپنر نور احمد نے 3 ،نوین الحق نے 2 جبکہ محمد نبی اور عمرزئی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، محمد نواز کی جگہ شاداب خان پلیئنگ الیون میں شامل ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان کی ٹیم اب تک اپنے چار میچز کھیل چکی ہے جس میں اسے دو میں فتخ حاصل ہوئی ہے جبکہ دو میں شکست ہوئی ہے۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم نے آسٹریلیا اور انڈیا کے خلاف میچز ہارے ہیں جبکہ سری لنکا اور نیدرلینڈز کے ساتھ میچز میں اسے فتح حاصل ہوئی ہے۔