آسٹریلیا کے ہاتھوں نیدرلینڈز کو ورلڈ کپ تاریخ کی بدترین شکست

نئی دہلی: آسٹریلیا نے نیدرلینڈز کو ورلڈ کپ کرکٹ کی تاریخ کے سب سے بڑے مارجن 309 رنز سے شکست دیدی، ڈچ ٹیم 90 رنز پر ڈھیر ہوگئی، صرف 8 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

نیدر لینڈز اور آسٹریلیا کی ٹیمیں میگا ایونٹ کے 24 ویں میچ میں دہلی میں مدمقابل تھیں، جہاں کینگروز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقرر 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 399 رنز بنا ڈالے۔ ورلڈ کپ کے میچ میں نیدرلینڈز کی پوری ٹیم 400 رنز کے ہدف کے تعاقب میں صرف 90 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

نیدرلینڈز کی جانب سے وکرم جیت سنگھ 25 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے، میکس اوڈووڈ 6، کولن ایکرمین 10، سیبرانڈ اینگل بریخ 11، باس ڈی لیڈ 4، تیجا ندامانورو 14، آریان دت ایک اور لوگن وان بیک، وان ڈر مروے اور پال وان میکرن بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، کپتان اسکاٹ ایڈورڈز 12 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے ایڈ زمپا نے 3 اوورز میں 8 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، مچل مارش 2، پیٹ کمنز، جوش ہیزل ووڈ اور مچل اسٹارک ایک ایک شکار کرسکے۔ اس سے قبل آسٹریلوی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں گلین میکس ویل اور ڈیوڈ وارنر کی سنچریوں کی بدولت 399 رنز بنائے تھے۔

اوپنر ڈیوڈ وارنر نے ایونٹ کی دوسری سنچری بنا ڈالی وہ 93 گیندوں پر 104 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 11 چوکے شامل تھے۔ آسٹریلیا کی باری کی خاص بات گلین میکس ویل کی سنچری تھی، انہوں نے ورلڈ کپ کرکٹ کی تاریخ کی تیز ترین سنچری اسکور جڑ دی، انہوں نے 40 گیندوں پر سنچری بنا کر یہ اعزاز اپنے نام کیا۔ گلین میکس ویل 44 گیندوں پر 106 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 8 چھکے اور 9 چوکے شامل تھے۔

دیگر آسٹریلوی کھلاڑیوں میں اسٹیو اسمتھ 71، مارنوس لیبوشین 62، مچل مارش 9، جوش انگلس 14، کیمرون گرین 8 اور مچل اسٹارک صفر پر آؤٹ ہوئے۔ پیٹ کمنز 12 اور ایڈم زمپا ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔نیدر لینڈز کی جانب سے لوگن واک بیک 74 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے کامیاب بولر رہے، ڈی لیڈز نے 10 اوورز میں 115 رنز دیئے اور 2 وکٹیں لیں، آریان دت ایک شکار کرسکے۔