ورلڈکپ: جنوبی افریقا نے نیوزی لینڈ کو 190 رنز سے ہرادیا

پونے : آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے 32 ویں میچ میں جنوبی افریقا نے نیوزی لینڈ کو 190 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔ پونے میں کھیلے جارہے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقا نے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 357 رنز اسکور کیے۔

جنوبی افریقا کی جانب سے کوئنٹن ڈی کوک اور کپتان ٹیمبا باووما نے اننگ کا آغاز کیا لیکن کیویز بولرز کے سامنے دونوں اوپنر اپنی ٹیم ایک بڑی پارٹنر شپ نہ دے سکے اور 9ویں اوور میں 38 رنز پر جنوبی افریقا کی پہلی وکٹ گر گئی، کپتان ٹیمبا باووما 24 رنز بناکر ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد کوئنٹن ڈی کوک اور راسی وین ڈر ڈوسن نے دوسری وکٹ پر 200 رنز کی شاندار پارٹنرشپ بنا کر بڑے اسکور کی بنیاد رکھی، دونوں نے سنچریاں بھی اسکور کی۔کوئنٹن ڈی کوک نے شاندار سینچری اسکور کی، جو ان کی رواں ورلڈ کپ میں یہ چوتھی سنچری ہے، 238 کے اسکور پر ڈی کوک 3 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 116 گیندوں پر 114 رنز بنا کر ٹم ساؤتھی کی گیند پر فلپس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔جس کے بعد تیسری وکٹ پر راسی وین ڈر ڈوسن اور ڈیوڈ ملر نے 43 گیندوں پر 78 رنز کی پارٹنرشپ بنا کر اسکور کی اسپیڈ بڑھادی اور ٹیم کا اسکور 316 تک پہنچایا تو جنوبی افریقا کو وین ڈیر ڈوسن کی صورت میں چوتھا نقصان اٹھانا پڑا۔

راسی وین ڈر ڈوسن نے بھی شاندار بلے بازی کرتے ہوئے 5 چھکوں اور 9 چکوں کی مدد سے سینچری اسکور کی یہ ان کی ایونٹ میں دوسری سینچری ہے، جنوبی افریقی بلے باز 133 رنز بنا کر ٹم ساؤتھی کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔تاہم ڈیوڈ ملر نے جارحانہ اننگز کھیل کر اختتامی لمحات میں اسکور کارڈ کا نقشہ بدلتے ہوئے اپنی ٹیم کو ساڑھے 350 کا ہندسہ عبور کروادیا، ڈیوڈ ملر 30 گیندوں پر 53 رنز بنا کر جمی نیشم کی گیند پرکیچ آؤٹ ہوئے۔ ہینرک کلاسن 15 اور ایڈن مارکرم 6 رنز بنا کر ناقابلِ شکست پویلین لوٹے۔

یوں جنوبی افریقا نے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 357 رنز بنائے اور نیوزی لینڈ کے لیے 358 رنز کا ہدف سیٹ کیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی نے 2، جیمز نیشم اور ٹرینٹ بولٹ نے 1،1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔