پاکستان کو رن ریٹ بہتر کرنے کیلئے کیویز کو کس مارجن سے ہرانا ہوگا ؟

لاہور (اُمت نیوز) آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی قسمت کا فیصلہ ہفتے کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین ہونے والے میچ سے بنگلور میں ہوگا۔

پاکستان نے حال ہی میں آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں اپنے چار میچوں میں ہارنے کا سلسلہ توڑتے ہوئے منگل کو ایڈن گارڈنز میں بنگلہ دیش کو سات وکٹوں سے شکست دی تھی۔

اس اہم جیت نے پاکستان کو پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں پوزیشن پر پہنچا دیا ہے، پاکستان کو سات میچوں میں سے تین میچ جیتنے کے بعد 6 پوائنٹس ملے ہیں جبکہ پاکستان سیمی فائنل کی دوڑمیں ابھی بھی شامل ہے، پاکستان کو آگے ایک نیوزی لینڈ اور ایک انگلینڈ کیساتھ میچ کھیلنا ہے۔

دوسری طرف نیوزی لینڈ گذشتہ روز ہونے والے میچ میں جنوبی افریقہ کے خلاف 190 رنز کی خاطر خواہ شکست کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پر چلا گیا، فی الحال نیوزی لینڈ کا نیٹ رن ریٹ +0.484 ہےجبکہ پاکستان کا رن ریٹ -0.024 ہے۔

آئندہ ہونے والا پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ دونوں ٹیموں کیلئے بہت اہم میچ ہوگا، پاکستان کی جیت سے دونوں ٹیموں کے پوائنٹس آٹھ آٹھ ہو جائیں گے، نیوزی لینڈ کے نیٹ رن ریٹ کو عبور کرنے کے لیے پاکستان کو تقریباً 83 رنز سے جیتنا ہو گا یا ہدف کا تعاقب تقریباً 35 اوورز میں کرنا ہو گا۔

تاہم یہ نوٹ کرنا ضروری ہے کہ اس مقابلے کے بعد دونوں ٹیموں کے پاس ایک اور گیم باقی ہے، جس سے فائنل گروپ میچ میں نیٹ رن ریٹ کے نئے منظر نامے کا امکان ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز بھارت میں ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء کے 32 ویں میچ میں جنوبی افریقا نے نیوزی لینڈ کو 190 رنز سے شکست دے دی تھی، نیوزی لینڈ کی ٹیم 358 رنز کے تعاقب میں 167 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی، گلین فلپس 60 رنز بناکر نمایاں رہے۔