چین: 6 ماہ سے شاپنگ مال میں چھُپ کر رہنے والا شہری گرفتار

شنگھائی: چین میں سیکیورٹی گارڈز نے حال ہی میں ایک شاپنگ مال کی سیڑھیوں کے نیچے سے نصف سال سے چھُپ کے رہ رہے ایک نوجوان کو پکڑا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شنگھائی کے ایک شاپنگ مال میں گزشتہ 6 ماہ سے ایک شخص سیڑھیوں کے نیچے ڈیرہ جمائے بیٹھا تھا ، اگرچہ شاپنگ مالز ایک مصروف جگہ ہیں جہاں سکیورٹی گارڈز کیلئے بھی ہر مشکوک نظر آنے والے شخص پر نظریں رکھنا خاصا مشکل ہوسکتا ہے لیکن 6 ماہ مسلسل کسی شاپنگ مال میں رہنے والے شخص کو نہ پکڑا جانا بھی خاصا مشکوک ہے۔

غیر ملکی میڈیا پر اس شخص کی ویڈیو شیئر کیے جانے کے بعد ویڈیو وائرل ہوگئی جس میں چینی شخص کو مال کی سیڑھیوں کے نیچے سلیپنگ ٹینٹ، ایک چھوٹی میز اور کرسی کے ساتھ دیکھا گیا۔ یہی نہیں اپنے قیام کے دوران چینی شخص لیپ ٹاپ اور موبائل فون شاپنگ مال کے الیکٹرک آؤٹ لیٹس سے چارج کرتا رہا۔

بتایا جارہا ہے کہ 6 ماہ قبل اس نوجوان کو گارڈ نے مال میں منتقل ہوتے وقت پکڑ لیا تھا لیکن نوجوان نے گارڈ سے درخواست کی کہ وہ امتحان کیلئے ایک پرسکون جگہ کی تلاش میں ہے اور امتحان ہوتے ہی وہ مال سے چلا جائے گا جس کے بعد گارڈ نے اس نوجوان کو مال میں رہنے کی اجازت دی۔

تاہم اب 6 ماہ بعد نوجوان کو ایک دوسرے سکیورٹی گارڈ نے پکڑ کر گرفتار کروادیا اور سکیورٹی کیمرے کی فوٹیج سے تصدیق کی گئی کہ وہ کئی مہینوں سے شاپنگ مال میں ہی رہتا رہا۔