انگلینڈ کا پاکستان کو جیتنے کیلئے 338 رنز کا ہدف

کولکتہ (اُمت نیوز) بھارت میں جاری آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے 44ویں میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو جیتنے کیلئے 338 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کی پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ جاری ہے۔بھارت کے شہر کولکتہ کے ایڈن گارڈن کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں گرین شرٹس کی قیادت بابراعظم کررہے ہیں جبکہ دفاعی چیمپئن انگلینڈ کی کمان جوز بٹلر کے ہاتھوں میں ہے۔
میچ کے آغاز پر انگلش اوپنرز نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا تاہم 82 رنز پر انگلینڈ کی پہلی وکٹ گر گئی، انگلینڈ کے اوپنر بلے باز ڈیوڈ ملان 39 گیندوں پر 31 رنز بنا کر محمد افتخار کی گیند پررضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
گرین شرٹس کو فائنل فور مرحلے کی دوڑ میں شامل ہونے کیلئے انگلش ٹیم کو 287 رنز کے بڑے مارجن سے ہرانا ہو گا، دوسری صورت میں قومی ٹیم کو وطن واپسی کا ٹکٹ کٹوانا پڑے گا۔
کرکٹ کے میگا ایونٹ میں دونوں ٹیمیں اب تک اپنے 8،8 میچز کھیل چکی ہیں جن میں سے قومی ٹیم 4 میچز میں فاتح رہی اور 4 میں اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ انگلش ٹیم 8 میچز میں سے صرف 2 میں ہی کامیابی سے ہمکنار ہوئی اور 6 میں اسے شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ شاہین پوائنٹس ٹیبل پر8 پوائنٹس کیساتھ 5ویں جبکہ انگلینڈ4 پوائنٹس کیساتھ 7ویں نمبر پر ہے۔