خدا کی قسم کسی نے پریس کانفرنس کا نہیں کہا ، پرویز الٰہی

لاہور: جوڈیشل مجسٹریٹ عمران عابد پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں کےکیس میں جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کے احکامات جاری کرتے ہوئےچودھری پرویز الہٰی کو اہل خانہ سے ملاقات کی اجازت دیدی۔کمرہ عدالت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ الیکشن کی تاریخ سپریم کورٹ کے کہنے پر ملی ہے ہمیں یقین ہے کہ اب الیکشن ہو جائیں گے، انشاء اللہ یہ الیکشن فری اینڈ فیئر ہو گا،عوام شریف برادران کو دھاندلی نہیں کرنے دی گی اور بیلٹ باکس کی خود حفاظت کرے گی۔ن لیگ کے پاس لاہور سمیت پورے پاکستان میں الیکشن کے لیے بندے نہیں ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کیساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے ،آئندہ انتخابات میں چیئرمین پی ٹی آئی کو اتنے ووٹ پڑیں گے جس کی کوئی حد نہیں ہو گی،

ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ خدا کی قسم مجھے آج تک کسی نے پریس کانفرنس کا نہیں کہا، چیئرمین پی ٹی آئی میرے ساتھ والے سیل میں ہیں، آئی ایم ایف اور یورپی یونین کے لوگ چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کرنے آتے ہیں،ہمارے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ہمیشہ ہی اچھے تعلقات رہے ہیں،دو لاڈلے قوم پر مسلط کر دئیے گئے ہیں،لاڈلے اپنے رنگ بازی سے قوم کو گمراہ نہیں کر سکتے ہیں ۔

ادھر لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہرام سرور چوہدری کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے مجسٹریٹ کی جانب سے پرویز الٰہی کو مقدمے سے ڈسچارج کرنے کے فیصلے کو معطل کرنے کے معاملے میں پرویز الہی کی سنگل بینچ کے فیصلے کے خلاف دائر انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت 23 نومبر تک ملتوی کر دی ۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سلطان تنویر نے چوہدری پرویز الٰہی کو کسی بھی مقدمہ میں گرفتار نہ کرنے کے کیس میں آئی جی اسلام آباد،چیف کمشنر اسلام آباد کو23نومبر کو ذاتی حیثیت میں دوبارہ طلب کرلیا۔