سابق اسپیکر، وزیرخارجہ گوہر ایوب انتقال کرگئے

اسلام آباد: سابق وزیرخارجہ اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی گوہر ایوب 86سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔گوہر ایوب کچھ عرصے سے علیل اور اسلام آباد کے ایک نجی اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔فیملی ذرائع کے مطابق ان کی نمازِ جنازہ آج ہفتہ کو بعد از دوپہر ہری پور میں ان کے آبائی گاؤں ریحانہ میں ادا کی جائے گی جہاں انہیں سپردخاک کیا جائے گا۔

گوہر ایوب سابق فیلڈ مارشل صدر ایوب خان کے صاحبز ادے اورسیکرٹری جنرل پی ٹی آئی عمر ایوب کے والد تھے۔ گوہر ایوب خان 15 جنوری 1937ء کو ضلع ہری پور کے گاؤں ریحانہ میں پیدا ہوئے۔ وہ 4 نومبر 1990ء کو نوازشریف کے پہلے دور حکومت میں قومی اسمبلی کے سپیکر منتخب ہوئے اور 17 اکتوبر 1993ء تک اس عہدے پر فائز رہے۔ گوہر ایوب خان نواز شریف کے دوسرے دور حکومت میں 1997ء سے 1998ء تک پاکستان کے وزیر خارجہ رہے۔

ادھر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گوہر ایوب خان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی پیغام میں صدر نے گوہر ایوب خان کے لواحقین سے اظہار تعزیت کی اور گہرے دُکھ کا اظہار کیا۔صدر مملکت نے سیاست کے میدان میں ملک کیلئے مرحوم کی خدمات کو سراہا۔ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی عمر ایوب سے ان کے والد سابق وزیرخارجہ اور سابق سپیکر قومی اسمبلی گوہر ایوب کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے بھی بزرگ سیاستدان گوہر ایوب خان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔تحریک انصاف کے میڈیا سیل کے مطابق پی ٹی آئی کی قیادت اور کارکنان نے مرکزی سیکرٹری جنرل عمر ایوب خان اور اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔