شکست کے بعد بھارتی کھلاڑیوں کی آنکھوں سے آنسو چھلک گئے

احمد آباد(اُمت نیوز)کرکٹ ورلڈکپ فائنل میں آسٹریلیا نے 6 وکٹوں سے شکست دیکر بھارتی کھلاڑیوں کے خواب چکنا چور کردیے۔
احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں بھارت کا 241 رنز کا ہدف کینگروز نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 43 ویں اوور میں باآسانی حاصل کرلیا۔
آسٹریلیا کرکٹ ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ چھ بار چیمپئن بننے والی ٹیم بن گئی ہے۔ اس سے قبل 1987، 1999، 2003، 2007 اور 2015 میں بھی آسٹریلیا ورلڈکپ جیت چکا ہے۔
ورلڈکپ کپ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں 6 وکٹوں کی شکست کے بعد بھارتی کھلاڑی جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور اپنے ہوم گراونڈ پر شکست ان کے چہروں سے جھلکنےلگی۔


آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کے گروپس میچز میں ناقابل شکست رہنے اور میگا ایونٹ کی سب سے مضبوط سمجھی جانے والی انڈین ٹیم کے کھلاڑی آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کے بعد رو پڑے۔
ایک طرف کینگروز کھلاڑی گراؤنڈ میں فتح کا جشن مناتے رہے تو دوسری طرف بھارتی کپتان روہیت شرما، فاسٹ بولر محمد سراج اور دیگر کھلاڑی غم کی تصویر بنے رہے۔