ورلڈکپ، آسٹریلوی ٹیم پر دولت کی برسات ہوگئی

کراچی(اُمت نیوز) ورلڈکپ میں فتح سے کینگروز پر دولت کی برسات ہوگئی، چیمپئنز آسٹریلیا کو سب سے زیادہ 3.42 ملین پاؤنڈ ملیں گے۔
آسٹریلیا نے احمد آباد میں میزبان بھارت کو 6 وکٹ سے شکست دے کر چھٹی مرتبہ عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا، چمچماتی گولڈن ٹرافی کے ساتھ آسٹریلوی ٹیم کو اس شاندار کامیابی پر 3.2 ملین پاؤنڈ انعامی رقم بھی ملے گی، رنراپ رہنے والی بھارتی ٹیم کو 1.6 ملین پاؤنڈ کا چیک ملا، سیمی فائنلسٹ ٹیمیں نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کو فی کس 6 لاکھ 42 ہزار پاؤنڈ ملیں گے۔
ایونٹ میں شریک دوسری ٹیموں کو فی کس 80 ہزار پاؤنڈ ملیں گے تاہم اس کے ساتھ گروپ راؤنڈ میں ہر کامیابی پر 32 ہزار پاؤنڈ الگ سے ملنے ہیں، پاکستان ٹیم نے اس ٹورنامنٹ میں 9 میں سے 4 میچز میں کامیابی حاصل کی، جس کی بدولت اسے مجموعی طور پر 2 لاکھ 8 ہزار پاؤنڈ ملیں گے۔
آسٹریلیا کی مجموعی انعامی رقم 3.42 ملین ڈالر بنے گی جبکہ فائنل سے قبل کھیلے گئے اپنے تمام میچز میں ناقابل شکست رہنے والی بھارتی ٹیم کو مجموعی طور پر 1.89 ملین پاؤنڈ ملیں گے، اس ٹورنامنٹ کی مجموعی انعامی رقم 8 ملین پاؤنڈ تھی۔