نیشنل ہائی وےاتھارٹی میں قرعہ اندازی،30ملازمین حج کی سعادت حاصل کریںگے

اسلام آباد : نیشنل ہائی وے اتھارٹی میں قرعہ اندازی ،30 ملازمین حج کی سعادت حاصل کریں گےاسلام آباد: نیشنل ہائی وے اتھارٹی ہیڈ کوارٹرز میں حسب سابق ادارہ کی طرف سے 2024 میں حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کرنے والے ملازمین کی قرعہ اندازی منعقد ہوئی، وفاقی وزیر مواصلات ، ریلویز و بحری امور شاہد اشرف تارڑ نے قرعہ اندازی کے بعد 30 ملازمین کے ناموں کا اعلان کیا، اس موقع پر چئیرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی ارشد مجید مہمند و دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے ۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے گریڈ 1 سے16 تک کے ملازمین میں سے 17 اور گریڈ 17 سے22 تک کے ملازمین میں سے 7 ، خواتین میں 2 اور 2 اُنکے ہمراہ جانے والے محرم جبکہ 55 سے 60 سال تک کی عمر کے دو ملازمین شامل ہیں۔این ایچ اے کی حج پالیسی کے آغاز سے اب تک این ایچ اے کے 106 ملازمین حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کر چکے ہیں۔

واضح رہے کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے 2014 میں حج فنڈ قائم کیا تھا جس میں ملازمین رضا کارانہ طور پر اپنی تنخواہ سے قلیل حصہ شامل کرتے ہیں جس کے بعد ہر سال کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے ذریعے شفاف طریقے سے خوش نصیب ملازمین کو چنا جاتا ہے۔ بعد ازاں سرکاری حج سکیم میں بھی نام نکلنے پر ان منتخب شدہ ملازمین کو فنڈنگ جاری کی جاتی ہے ۔
آخر میں وفاقی وزیر مواصلات ، ریلویز اور بحری امور شاہد اشرف تارڑ اور چئیرمین این ایج اے ارشد مجید مہمند نے تمام خوش نصیب افسر ان اور ملازمین کو مبارکباد دی ۔