کراچی سمیت صوبے بھر میں سندھ کلچر ڈے منایا گیا

کراچی:  سندھ بھر میں کلچر ڈے جوش وخروش سے منایا گیا۔کراچی سمیت مختلف شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں،رنگا رنگ تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔کراچی پریس کلب اور اطراف میں نوجوانوں،بچوں اور مرد و خواتین سمیت لوگوں کی بڑی تعداد سندھ ٹوپی اجرک پہنے جمع ہوئی اور سندھ کے ثقافتی گیتوں پر رقص کیا۔کراچی میں یوم ثقافت کی مرکزی تقریب کراچی پریس کلب کے سامنے منعقد ہوئی۔ فوارہ چوک اور گورنر ہاؤس سے کراچی پریس کلب تک لوگوں کا ہجوم تھا۔ سندھی ٹوپی اور اجرک پہنے مرد، خواتین، بچے بزرگ رقص کرتےنظر آئے۔حیدرآباد،بدين،نواب شاہ ،خير پور،سکھر، ٹنڈو الہ يار،کندھ کوٹ،شکار پورلاڑکانہ ،جیکب آباد،قمبرشہداد کوٹ،دادو،جامشورو،ٹھٹہ‘ گھوٹکی اور تھرپارکر سمیت صوبے کے تمام چھوٹے بڑے شہروں ميں یوم ثقافت روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔

ثقافتی تقريبات میں سندھی گلوکاروں نے گيتوں کےرنگ بکھيرے۔حیدرآباد پریس کلب کے سامنے منعقدہ تقریب میں بھی سندھ کے روایتی گیتوں پر رقص کیا گیا۔نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نےسندھ کلچرڈے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سندھ کی ثقافت تہذیب اور روایات کی امین ہے اور سندھ صوفی ازم کی دھرتی ہے، جہاں حضرت شاہ عبدالطیف بھٹائی، لعل شہباز قلندر، سچل سرمست، عبداللہ شاہ غازی جیسے عظیم صوفیا کرام کا سایہ ہے۔ ثقافت کا دن نسل پرستی، انتہا پسندی اور ہر قسم کی تفریق کے خلاف محبت کا درس دیتا ہے۔

سینٹرل پولیس آفس کراچی میں سندھی ثقافتی ڈے پر تقریب کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر آئی جی سندھ رفعت مختار راجہ نےپولیس افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ صوفیوں کی سرزمین اوراسے امن کی دھرتی کے نام سے یاد کیا جاتا ہے،ہمیں اس ٹوپی اور اجرک کی لاج رکھنی ہے،لوگوں کے جان و مال کی حفاظت کرنی ہے اور ان میں احساس تحفظ کے شعور کو اجاگر کرنا ہے، معاشرے سے گندگی کو صاف کرنا ہے۔تقریب میں شریک ڈی آئی جیز و اے آئی جیز نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین،سابق صدر آصف زرداری اورپیپلزپارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور نے اپنے پیغام میں تمام سندھیوں کو ثقافت کا دن منانے پر مبارکباد پیش کی اور کہا سندھ کی ثقافت امن، محبت، بہادری، مہمان نوازی کی تاریخ ہے، قومیں اپنی ثقافت سے پہچانی جاتی ہیں،ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان میں بسنے والی تمام قوموں کی ثقافت کو زندہ رکھنے کیلئے وزارت قائم کی، اسلام آباد میں قائم لوک ورثہ میوزیم ملک میں بسنے والی قوموں کی ثقافت کی تاریخ بیان کرتا ہے۔