کاروباری شخصیات بیرونی منڈیوں کو اپنا ہدف بنائیں، نگراں وزیراعظم

کراچی : نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ملکی معیشت کو مزید بہتر کرنے کیلئے کاروباری طبقہ کو بہترین ماحول فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی، پاکستان سٹاک ایکسچینج کا 60 ہزار کی حد عبور کرنا تاریخی کامیابی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کے تحت 25 بہترین کمپنیوں کو ایوارڈ دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا پاکستان سٹاک ایکسچینج کا 60 ہزار کی حد عبور کرنا تاریخی کامیابی ہے، یہ تاریخی کامیابی ملک میں مزید اصلاحات کا پیش خیمہ ہے، پاکستان سٹاک ایکسچینج کے کاروبار میں 30 فیصد اضافہ ہوا ، ہمیں اس شاندار کامیابی کے تسلسل کو جاری رکھنا ہے۔ انہوں نے کہا کاروباری رہنمائوں کو ڈیجیٹل انقلاب اور جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا نگران حکومت نے اسمگلنگ، ذخیرہ اندوزی اور بجلی چوری کی روک تھام کیلئے اقدامات کئے ہیں، ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے خصوصی اقدامات کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا پاکستان ای سی او سمیت اہم فورم کا اہم شراکت دار ہے، پاکستان کیلئے افریقی ممالک، خطے اور اس سے باہر تجارت کے وسیع مواقع موجود ہیں، عالمی منڈیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی خدمات اور مصنوعات تیار کریں، کاروباری افراد بیرون ملک منڈیوں میں رسائی اور کامیابی کو اپنا ہدف بنائیں، ہمیں مستقبل میں چین سے آنے والی بھاری سرمایہ کاری سے فائدہ اٹھانے کیلئے خود کو تیار کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا ٹیکس محصولات میں اضافہ سے عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔

وزیراعظم نے کہا غیر ملکی اور ملکی سرمایہ کاروں کو ملک میں سرمایہ کاری دوست ماحول سے فائدہ اٹھانا چاہئے، نجی شعبہ کی سرمایہ کاری کو خوش آمدید کہیں گے، سمت کی درستگی سے شاندار کامیابیاں حاصل کی جا سکتی ہیں، خواہش ہے کہ ایسے اقدامات کریں جس سے آنے والی حکومت کیلئے آسانیاں پیدا ہوں۔ انہوں نے کہا بڑی کمپنیوں کو فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہا ہم ملکی معیشت کو استحکام کی راہ پر گامزن کرنے میں کامیاب رہے ،ایف بی آر میں اصلاحات کے مثبت نتائج آئے ہیں، ملکی مفاد میں مشکل فیصلے کئے۔