کراچی،معروف کاروباری پارسی خاندان سے 2ارب بھتہ طلب

 

 

کراچی: معروف ہوٹلزچین آواری ٹاورز اوربیچ لگژری کے آنجہانی مالک بیرام ڈی آواری کے اہل خانہ کو دھمکیاں ملنے اورای میل کے ذریعے بینک اکاونٹ میں 2ارب روپےکی خطیررقم منتقل کرنے کے مطالبے سے متعلق تحریری درخواست کوانکوائری میں تبدیل کردیا گیا ہے۔اگلے مرحلے میں اس معاملے پرجے آئی ٹی بھی تشکیل دیئے جانے کا امکان ہے۔ایف آئی اے سائبرکرائم نے آواری فیملی کو بیانات ریکارڈ کرنے کےلئے بلوایا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بڑے پیمانے پرکیس کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کرلیاگیا ہے۔

پارسی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے معروف کاروباری شخصیت اورسپورٹس مین آنجہانی بیرام ڈی آواری کے خاندان کو نامعلوم افراد کی جانب سے ای میل موصول ہوئی،جس میں 2ارب روپے بھتے کا مطالبہ کیا گیا۔رقم ادانہ کرنے کی صورت میں کاروباری خاندان کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئیں۔ اس معاملے پر بیرام ڈی آواری کے اہل خانہ کی جانب سےکراچی میں ایف آئی اے سائبر کرائم اسلام آباد کو درخواست دی گئی جس کے بعد بدھ کو یہ شکایت انکوائری میں تبدیل کردی گئی۔

دریں اثنا ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل اظہر وقاص سے پارسی کمیونٹی کے وفد نےڈنشا بی آواری کی سربراہی میں پاکستان رینجرز ہیڈ کوارٹر(سندھ) میں ملاقات کی ۔اس موقع پر ڈی جی رینجرز نے کہاکہ ترقی میں پارسی کمیونٹی کا اہم کردار ہے ۔