ہم پرالزام لگانے والے پہلے ہمارے نظریات کو سمجھیں،بلاول

 

پشاور: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم پر الزام لگانے والے پہلے ہمارے نظریات کو سمجھ لیں، ہم کارپوریٹ سیکٹر کیخلاف نہیں چھوٹے تاجروں کے خیرخواہ ہیں،حقیقی معاشی ترقی کیلئے ضروری ہے کہ موجودہ تمام سیاستدان روایتی سیاست کو چھوڑ کے ملک و قوم کیلئے آگے آئیں،کاروبار و تجارت کی ترقی ہوگی تو ملک و قوم کی ترقی ہوگی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ظاہر شاہ ہاؤس میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں سرتاج احمد خان، بزنس مین پینل کے چیئرمین میاں انجم نثار کی قیادت میں ملنے والے صوبہ بھر کے کاروباری افراد کے وفد سے خطاب کے دوران کیا،ملاقات میں سابق صوبائی وزیر عدنان جلیل،ملک مہر الٰہی، حاجی فضل الہٰی،ایپثیا کے چیئرمین منہاج الدین باچا اور دیگر شریک تھے،سرتاج احمد خان نے بلاول بھٹو زرداری کو فیڈریشن کی جانب سے گزشتہ دو سال سے مسلسل بزنس کمیونٹی کے کئے گئے گئے اقدامات اور جدوجہد سمیت ملک بھر اور بالخصوص خیبرپختونخوا کے کاروباری طبقے کو درپیش مشکلات اور انکے حل بارے تفصیلی بریفنگ دی۔

انہوں نے کہا کہ چترال سمیت صوبے کے بیشتر اضلاع وفاق کی سرپرستی سے محروم رہے ہیں جس کی وجہ سے کاروبار تجارت اور صنعت تباہ حالی کا شکار ہے ۔بعد ازاں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ انہیں افسوس ہے کہ پاکستان جیسے وسائل سے مالامال ملک کو روایتی سیاست اور ذمہ داروں کی بے حسی نے حد درجہ نقصان دیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی پر کارپوریٹ سیکٹر مخالف ہونے کے الزامات لگائے جاتے ہیں حالانکہ ہم نے صرف چھوٹے تاجر کی کامیابی کیلئے دو قدم بڑھ کے کام کرنے اور ساتھ دینے کی بات کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا دہشتگردی کے خلاف جنگ میں صف اول میں ڈٹ کے کھڑا رہا اور اسکے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد نے جان و مال کی قربانیاں دیں بالخصوص کاروباری طبقے نے تاریخ رقم کی ہے ، انکا کہنا تھا کہ فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اور صوبے کے چیمبرز سمیت چھوٹے تاجروں کی مشکلات کے حل اور ان کی تجاویز پر سنجیدگی سے عمل کروانے کے لیے وہ اپنا بھرپور کردار ادا کرینگے۔بعد ازاں ایف پی سی سی آئی کی جانب سے انہیں یادگاری شیلڈ اور بجٹ تجاویز بک بھی پیش کی گئی۔