مضبوط میری ٹائم سیکٹر معاشی مستقبل کی بنیاد رکھ سکتا ہے،امیرالبحر

اسلام آباد: چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے چھٹی میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی اقتصادی صورتحال کے پیش نظر پاکستان میں میری ٹائم وسائل کی اہمیت کو سمجھنا ضروری ہے کیونکہ مضبوط میری ٹائم سیکٹرپائیدار معاشی مستقبل کی بنیاد رکھ سکتا ہے۔ میری ٹائم سکیورٹی ورکشاپ کی اختتامی تقریب پاکستان نیوی وار کالج لاہور میں منعقد کی گئی۔ ورکشاپ کا مقصد میری ٹائم سکیورٹی اور بلیواکانومی کے حوالے سے آگہی کا فروغ اور پاکستان کے میری ٹائم وسائل کو بروئے کار لانے کیلئے لائحہ عمل مرتب کرنے میں معاونت ہے۔

ورکشاپ کے شرکاء میں پارلیمنٹرینز، پالیسی ساز، بیوروکریٹس، ماہرین تعلیم، کاروباری افراد کے ساتھ ساتھ میڈیا کے نمائندے بھی شامل تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف آف دی نیول سٹاف نے قومی اہمیت کے حامل میری ٹائم سکیورٹی مسائل پرآگہی کے فروغ کے حوالے سے پاک بحریہ کے عزم کااعادہ کیا اور بلیو اکانومی، بحرہند میں رونما ہوتی تزویراتی تبدیلیوں اور جغرافیائی اور سیاسی مسابقت کے بارے میں آگہی کیلئے پاک بحریہ کے اقدامات کو اجاگر گیا۔ ورکشاپ کے شرکاء کو ملکی بحری سرحدوں کے دفاع اور میری ٹائم مفادات کے تخفظ میں پاک بحریہ کے کردار پر بریفنگ بھی دی گئی۔