قیامِ امن کیلئےعوامی اعتماد کی حامل مستحکم حکومت کی ضرورت ہے،سراج الحق

پشاور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ امن کے قیام کیلئے عوامی اعتماد کی حامل مستحکم حکومت کی ضرورت ہے، انتخابات کے بروقت انعقاد سے انتشار اور دہشتگردی پھیلانے والے عناصر ناکام ہوں گے۔

بٹگرام میں شمولیتی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ کرپشن اور بیڈ گورننس کی وجہ سے ملک کی معیشت تباہ ہوئی، سابقہ سبھی صاحبانِ اقتدار کی کارکردگی صفر ہے، موجودہ انتخابات میں ان کے پاس کوئی بیانیہ نہیں، یہ مزید باریاں چاہتے ہیں، کارکردگی بتائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سالہا سال سے ملک لوٹا جارہا ہے، ایک ہی ٹولہ نسل در نسل عوام کا خون چوس رہا ہے، انصاف اور احتساب مذاق بن کر رہ گیا، مہنگائی اور بدامنی کے عفریت سے ہر شہری پریشان ہے، قوم سے دھوکہ کرنے والوں کو موجودہ الیکشن میں حساب دینا ہوگا۔ ایسٹ انڈیا کمپنی کے تسلسل کو توڑے بغیر بہتری ممکن نہیں، ووٹ کی طاقت سے اسلامی انقلاب لائیں گے، جماعت اسلامی عام آدمی اور پڑھے لکھے نوجوان کو اسمبلیوں میں لے جانا چاہتی ہے، ملک خاندانوں اور مافیاز کی بجائے جمہور کی حکمرانی سے آگے بڑھے گا۔