ڈراپ کرنے کا لفظ سخت ہے، سرفراز کو تھوڑا آرام دیا ہے، شان مسعود

میلبرن(اُمت نیوز)پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کا کہنا ہے کہ ڈراپ کرنے کا لفظ سخت ہے سرفراز کو تھوڑا آرام دیا ہے۔
میلبرن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شان مسعود نے کہا کہ کوشش یہ ہی ہے کہ ان کنڈیشن میں جو بہترین ہو اس پر مشتمل ٹیم بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ سرفراز احمد نے چار سال بعد بہت اچھا کم بیک کیا تھا، ڈومیسٹک میں بہترین انداز میں کراچی کی ٹیم کی قیادت کی تھی لیکن محمد رضوان کا ریکارڈ ان کنڈیشن میں ابھی اچھا لگ رہا ہے۔
شان مسعود کا کہنا ہے کہ کنڈیشن کو مدنظر رکھتے ہوئے رضوان کا انتخاب کیا گیا، جہاں سرفراز کے لیے کنڈیشن سودمند ہوں گی وہاں انہیں موقع ملے گا، ہمیں بیٹنگ میں بہتری لانا ہو گی، اگر ٹیم سو اوور کھیل رہی ہے تو بیٹرز کو تھوڑا تیز کھیلنا ہو گا، موجودہ ریڈ بال میں تیز کھیلنا ہو گا۔
قومی ٹیم کے ٹیسٹ کپتان نے مزید کہا کہ ریڈ بال میں اس کمی کو دور کرنے کی ضرورت ہے، فاسٹ بولر کو انجری تو ہوتی ہے، فاسٹ بولرز کے لیے ٹیسٹ کرکٹ مشکل ہوتی ہے، ان ٹیسٹ کرکٹ میں بہت لوڈ ہوتا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ خرم شہزاد ٹیسٹ کرکٹ نہیں کھیلے ہوئے تھے، جو ٹیسٹ کرکٹ کا لوڈ ہے وہ ڈومیسٹک کا لوڈ نہیں ہے، فٹنس کے معیار کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے، کھلاڑی ریڈ بال کرکٹ زیادہ کھیلیں، کاؤنٹی کرکٹ میں ریڈ بال کرکٹ سے تجربہ ملے گا۔