کوئی جائے نہ جائے میں ایودھیا جاؤں گا، ہربھجن سنگھ کا اعلان

بھارت(اُمت نیوز)بھارت کے سابق آف اسپنر ہربھجن سنگھ نے کہا ہے کہ کانگریس یا کسی اور پارٹی کے لوگ رام مندر کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے ایودھیا جائیں نہ جائیں، میں تو جاؤں گا۔

عام آدمی پارٹی کے پارلیمانی رکن ہربھجن سنگھ کا کہنا تھا کہ رام مندر کا افتتاح ایک اچھا موقع ہے۔ میں ایودھیا جاکر رام چندر جی سے آشیرواد لینا ضرور چاہوں گا۔

اے این آئی سے گفتگو میں سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ رام مندر کی افتتاحی تقریب میں شرکت میرا ذاتی فیصلہ ہے کیونکہ میں خدا پر یقین رکھتا ہوں۔

یاد رہے کہ ایودھیا میں بابری مسجد کے مقام پر رام جنم بھومی مندر میں شری رام چندر جی کی مورتی کی تنصیب کی تقریب 22 جنوری کو ہو رہی ہے۔ اپوزیشن جماعتوں نے اس تقریب کا بائیکاٹ کیا ہے کیونکہ ان کے خلاف حکومت مذہب کو بھی سیاسی فوائد کے لیے استعمال کر رہی ہے۔

عام آدمی پارٹی کے سربراہ اور دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجری وال نے کہا ہے کہ وہ رام مندر کی افتتاحی تقریب میں شریک نہیں ہوں گے اور ویسے بھی انہیں دعوت نامہ نہیں ملا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ 22 جنوری کے بعد بیوی، بچوں اور والدین کے ساتھ رام مندر جائیں گے۔