پاکستان ہاکی ٹیم پیرس اولمپکس کیلئے کوالیفائی نہ کرسکی

 

مسقط (اُمت نیوز)پاکستان ہاکی ٹیم نے بارہ سال بعد اولمپکس میں رسائی پانے کا سنہری موقع گنوادیا۔

عمان کے شہر مسقط میں کھیلے گئے اولمپکس کوالیفائر ایونٹ میں تیسری پوزیشن کے میچ میں نیوزی لینڈ نے سنسنی خیز مقابلے میں پاکستان کو 2-3 سے شکست دیکر ایونٹ میں براؤنز میڈل حاصل کرلیا۔

پاکستان نے ایونٹ میں چوتھی پوزیشن حاصل کی جبکہ ٹورنامنٹ کی ٹاپ تھری ٹیموں جرمنی، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ نے پیرس اولمپکس کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

پہلے سیمی فائنل میں جرمنی نے پاکستان کو چار گول سے شکست دی تھی جبکہ انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے ہرا دیا تھا۔

اتوار کو تیسری پوزیشن کے میچ میں پاکستان ہاکی ٹیم نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین کواٹرز تک برتری قائم رکھی۔

پاکستان کی جانب سے ابوبکر محمود نے دو گول اسکور کئے۔

پاکستان نے پہلا گول پینلٹی کارنر جبکہ دوسرا پینلٹی اسٹروک کے ذریعہ اسکور کیا۔ نیوزی لینڈ نے دو فیلڈ گول اور ایک پینلٹی کارنر کے ذریعہ گول اسکور کئے۔

پاکستان نے میچ کے 18 ویں اور 24 ویں منٹ میں گول اسکور کئے۔ نیوزی لینڈ نے میچ کے 24 ویں ، 52 ویں اور 58 ویں منٹ میں گول کئے۔