فائل فوٹو
فائل فوٹو

کون بنے گا پاکستان کا نیا حکمران ؟ انتخابی دنگل آج ہوگا

اسلام آباد،لاہور(ا،ت نیوز) کون بنے گا پاکستان کانیا حکمران ؟ انتخابی دنگل آج ہوگا۔ عام انتخابات کیلئے پولنگ (آج)جمعرات کو ہو گی جس کے لئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں، 12 کروڑ 79 لاکھ 21 ہزار 49 رجسٹرڈ ووٹرز 17 ہزار 758 امیدواروں میں سے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 855 حلقوں میں اپنے امیدواروں کا انتخاب کریں گے، ملک بھر میں 14 لاکھ 90 ہزار انتخابی عملہ اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے گا، 90 ہزار 675 پولنگ اسٹیشنز اور 2 لاکھ 66 ہزار 398 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں،ہر حلقہ کا غیر حتمی غیر سرکاری نتیجہ ریٹرننگ آفیسر کے دفاتر سے جاری کیا جائے گا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق پولنگ صبح 8 بجے سے بغیر کسی وقفہ کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔اسلام آباد سے قومی اسمبلی کی 3 نشستیں ہیں جن پر 10 لاکھ 83 ہزار 29 ووٹرز اپنے نمائندوں کاانتخاب کریں گے۔ پنجاب سے قومی اسمبلی کی 141 اور پنجاب اسمبلی کی 296 نشستوں پر اپنے نمائندوں کے انتخاب کیلئے 7 کروڑ 32 لاکھ 7 ہزار 896 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ سندھ سے قومی اسمبلی کی 61 اور سندھ اسمبلی کی 130 نشستوں پر اپنے نمائندوں کے انتخاب کیلئے 2 کروڑ 69 لاکھ 94 ہزار 769 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ خیبرپختونخوا سے قومی اسمبلی کی 44 اور خیبرپختونخوا اسمبلی کی 113 نشستوں پر اپنے نمائندوں کے انتخاب کیلئے 2 کروڑ 12 لاکھ 63 ہزار 408 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

قومی اسمبلی کی 265نشستوں پر انتخاب ہونا ہے جس کیلئے 5 ہزار 113 امیدوار میدان میں ہیں جن میں 312 خواتین بھی شامل ہیں۔ چاروں صوبائی اسمبلیوں میں مدمقابل امیدواروں کی کل تعداد 12 ہزار 645 ہے جن میں 570 خواتین شامل ہیں۔ بلوچستان سے قومی اسمبلی کی 16 اور بلوچستان اسمبلی کی 51 نشستوں پر اپنے نمائندوں کے انتخاب کیلئے 53 لاکھ 71 ہزار 947 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے۔8 باجوڑ، پی کے۔22 باجوڑ، پی کے۔91 کوہاٹ اور پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی۔266رحیم یار خان میں امیدواروں کی وفات کی وجہ سے پولنگ ملتوی کی گئی ہے۔ملک بھر میں 16 ہزار 766 پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس ،29 ہزار 985 حساس جبکہ 44 ہزار 26 پولنگ اسٹیشنز نارمل قرار دیئے گئے ہیں۔ پنجاب میں 5 ہزار 624 پولنگ سٹیشنز حساس ترین جبکہ ان پر فی پولنگ سٹیشن 5 اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔

سندھ میں 4 ہزار 430 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس قرار دئے گئے ہیں جبکہ یہاں پر فی پولنگ اسٹیشن 8 سیکیورٹی اہلکار تعینات ہوں گے۔ اسی طرح خیبرپختونخوا میں 4 ہزار 265 حساس ترین پولنگ سٹیشنز پر 9 اہلکار فی پولنگ سٹیشن تعینات ہوں گے۔ بلوچستان میں 1047 انتہائی حساس پولنگ سٹیشنوں میں ہر پولنگ سٹیشن پر 9 اہلکار تعینات ہوں گے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جمعرات کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ کمیشن کی جانب سے جاری کئے گئے ضابطہ اخلاق کے مطابق پہلے درجے میں سکیورٹی کی ذمہ داری پولیس جبکہ دوسرے درجے میں سول آرمڈ فورسز اور تیسرے درجے میں افواج پاکستان کی ہو گی۔ عام انتخابات کے نتائج کی ترسیل و تدوین کیلئے الیکشن مینجمنٹ سسٹم (ای ایم ایس) استعمال کیا جائے گا۔ پولنگ سٹیشن پر امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے پریذائیڈنگ افسران کو مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات دیئے گئے ہیں۔ حساس ترین پولنگ اسٹیشنوں کے باہر پاک فوج تعینات ہو گی۔

انتخابی سامان کی پولنگ سٹیشن تک ترسیل، گنتی اور اس کی ریٹرننگ افسران کے دفاتر تک واپسی کیلئے سکیورٹی کی ذمہ داری افواج پاکستان کی ہو گی۔ مجاز مبصرین اور میڈیا کو پولنگ سٹیشن میں داخلہ کی ہو گی۔ملک بھر میں 144 ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران، 859 ریٹرننگ و اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کی تعیناتی کی گئی ہے۔ کل ایک لاکھ 91 ہزار 526 پریذئیڈانگ افسران اور 7 لاکھ 85 ہزار 60 اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران تعینات کئے گئے ہیں۔ 5 ہزار ڈیٹا انٹری آپریٹرز کو ای ایم ایس کے ذریعے نتائج کی تدوین و ترسیل کیلئے ریٹرننگ افسران کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے چاروں چیف سیکرٹریز اور آئی جیز سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے ۔

چیف الیکشن کمشنر نے آئی جیز کو سیکیورٹی ہائی الرٹ رکھنے کی ہدایت کی ہے ۔ الیکشن کمیشن نے چاروں صوبائی الیکشن کمشنر کو مراسلہ جاری کر دیا ہے جس میں میڈیا نمائندوں کو الیکشن 2024 سے متعلق معلومات فراہم کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے ڈی جی انفارمیشن ٹیکنالوجی خضر عزیز نے کہا ہے کہ نتائج کیلئے پرائیویٹ نیٹ ورک استعمال کیاجارہا ہے اور قوم کو یقین دلاتے ہیں کہ الیکشن مینجمنٹ سسٹم ایک اسپیشل سافٹ ویئر ہے۔ ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی آئی ٹی الیکشن کمیشن نے کہا کہ اس مرتبہ آر ٹی ایس استعمال نہیں ہورہا، قوم کو اطمینان دلاتے ہیں کہ الیکشن مینجمنٹ سسٹم ایک اسپیشل سافٹ ویئر ہے ۔ اگرسگنل نہیں آرہے ہوئے تو جب سگنل آئیں گے تو فارم 45 خودبخود آر او کے پاس پہنچ جائے گا، دھند کا بھی بندوبست کیا ہوا ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سوشل میڈیا میں بیلٹ پیپر کی پرنٹنگ اور سائز سے متعلق چلنے والی ایک ویڈیو کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ بیلٹ پیپر ہمیشہ سے امیدواران کی تعداد کے لحاظ سے سنگل، ڈبل اور ٹرپل کالم اور اردو حروف تہجی کی ترتیب میں پرنٹ کیا جاتا ہے اور اس دفعہ بھی اسی ترتیب سے پرنٹ کیا گیا ہے تاہم بیلٹ پیپر کی فولڈنگ اور الیکشن کے دیگر مراحل سے متعلق معلوماتی ویڈیوز الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ www.ecp.gov.pk اور یوٹیوب چینل پر موجود ہیں۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفس نے اسلام آباد کا انتخابی پلان بنا لیا، اسلام آباد کومجموعی طور پر تین حلقوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔