انٹر نیٹ سروسز کی بندش ، آئی ٹی انڈسٹری کو شدید دھچکا،اربوں کا نقصان

لاہور(امت نیوز) معروف پاکستانی ٹیک انٹر پرینیور ،سرمایہ کار اور انفارمیشن ٹیکنالوجی اسٹارٹ اپس کے سرپرست نعمان سعید نے مشاورت کے بغیر ملک بھر میں انٹر نیٹ سروسزکی بندش پر تشویش کا اظہار کرتے کہا کہ اس اقدام سے آئی ٹی انڈسٹری کی برآمدات اور سروسز کی خدمات کو شدید دھچکا لگاہے،انٹرنیٹ آئی ٹی انڈسٹری کیلئے لائف لائن ہے اور صرف ایک روز کی بندش سے آئی ٹی کی برآمدات اور سروسز کے معاہدے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ اپنے بیان میں نعمان سعید نے کہا کہ آئی ٹی انڈسٹری اور اس کی سروسز کو پہلے ہی گورننس کے کمزور ڈھانچے ، پالیسیوں میں تسلسل نہ ہونے ،بے پناہ پیداواری لاگت اورغیر مسابقتی چیلنجوں کا سامنا ہے اور اب گزشتہ روز کے اچانک اور غیر معمولی فیصلے کی وجہ سے اسے بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ انہوں نے آئی ٹی انڈسٹری اور اس سے وابستہ لوگوں کیلئے فوری طور پر انٹرنیٹ سروسز بحال کرنے کا مطالبہ کرتے کہا کہ ملک میں انٹرنیٹ سروسز کا معیار پہلے ہی غیر معیار ی ہے اورکوئی بھی بین الاقوامی خریدار یہ عذر قبول نہیں کرے گا ۔