انتخابی نتائج کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں مظاہرے

سندھ ،بلوچستان ، خیبر پختونخواہ(اُمت نیوز)انتخابی نتائج کے خلاف سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں احتجاج جاری ہے۔

بلوچستان میں دھرنوں کے باعث پانچویں دن بین الصوبائی شاہراہیں 20 سے زائد مقامات پر بلاک ہیں۔

بلوچستان کو پنجاب، سندھ، کے پی سمیت افغانستان اور ایران سے ملانے والی شاہراہیں بھی بند ہیں جبکہ چمن کوئٹہ سیکشن پر ٹرین سروس معطل ہے۔

گزشتہ روز کوئٹہ میں ڈی آر او کے دفتر پر دھرنا دیا گیا، چمن، زیارت، گوادر، قلات، نصیرآباد اور نوشکی میں بھی احتجاجی دھرنے دیے گئے۔

ادھر سندھ میں سکھر، حیدرآباد، کندھ کوٹ، نوشہرو فیروز سمیت کئی مقامات پر دھرنے جاری ہیں۔

شمالی وزیرستان میں میرانشاہ، ہمزونی اور درپہ خیل میں چوتھے روز بھی احتجاج کرتے ہوئے روڈ بلاک کیا گیا۔

الیکشن میں مبینہ دھاندلی پر پیپلز پارٹی، تحریک انصاف، اے این پی، جے یو آئی ف، جماعت اسلامی، بی این پی، ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی، پشتون خوا میپ اور نیشنل پارٹی کی جانب سے احتجاج کیا جارہا ہے۔