عمران ریاض کانام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری

لاہور(اُمت نیوز)لاہور ہائیکورٹ نے سینئر اینکر اور صحافی عمران ریاض کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 15 فروری کو جواب طلب کرلیا۔

لاہور ہائیکورٹ میں صحافی عمران ریاض خان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے دائر متفرق درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس شجاعت علی خان نے عمران ریاض کی درخواست پر سماعت کی۔

عمران ریاض خان نے ایڈووکیٹ اظہر صدیق کی وساطت سے درخواست دائر کی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ اطلاعات ہیں عمران ریاض خان کا نام پی این آئی ایل لسٹ سے نکال دیا گیا ہے، اب عمران ریاض کا نام ای سی ایل یا پی سی ایل میں ڈالا جا رہا ہے۔

درخواست میں کہا گیا کہ عمران ریاض کے اوپر کوئی ایف آئی آر نہیں، ای سی ایل یا پی سی ایل میں نام ڈالنا آئین کی خلاف ورزی ہے، مزکورہ عمل آئین کے آرٹیکل 15 اور 16 کے خلاف ہے۔

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ اگر نام پی ان آئی ایل لسٹ سے نکال دیا گیا ہے تو دوسری لسٹوں میں شامل کرنے سے روکا جائے۔

بعدازاں عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 15 فروری کو جواب طلب کر لیا۔