جماعت اسلامی کا آج یوم سیاہ،جی ڈی اے کے دھرنے کی حمایت

کراچی(امت نیوز)انتخابات 2024 کے نتائج میں دھاندلی کے خلاف جماعت اسلامی نے آج(بروزجمعہ)یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا ہے۔جماعت اسلامی سندھ کے ترجمان مجاہد چنا نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی آج(جمعہ16 فروری) کو سندھ بھر میں یوم سیاہ اور اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاجی دھرنا دے گی اور انتخابات میں دھاندلیوں کے حوالے سے الیکشن کمیشن میں ثبوت جمع کروائے جائیں گے۔ جبکہ جماعت اسلامی نےانتخابات میں بدترین دھاندلی کے خلاف آج جی ڈی اے کی جانب سے حیدرآباد جامشورو بائی پاس پر ہونے والے دھرنے کی بھی حمایت کی ہے۔امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن آج جی ڈی اے کے دھرنے میں شرکت کریں گے۔

امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کا سیاست میں رول ختم کئے بغیر ملک میں صاف شفاف انتخابات نہیں ہوسکتے،جماعت اسلامی ملک میں اسلام کے عادلانہ نظام، قانون کی حکمرانی اور جمہوریت کی بالادستی کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی،سندھ صوبہ خصوصا کراچی میں پانچویں نمبر پر آنے والی جماعت کو آراوز کے جعلی نتائج ذریعے جتواکر جماعت اسلامی کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈلا گیا اس نے الیکشن کمیشن کی دونمبری کو واضح کردیا ہے۔جمعرات کو ادارہ نورحق کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ کہاہےکہ عوام نے جن لوگوں کو مستردکردیا تھا کراچی میں ایک مرتبہ پھران کو مسلط کردیاگیا ہے، ایم کیوایم(پ) نے دھونس دھمکی سے ووٹ لئے، ہم اس عمل کوملک دشمنی قرار دیتے ہیں۔

ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہاکہ یہ پاکستان کے خلاف سازش ہے، ہم اس رزلٹ اور جعل سازی کو نہیں مانتے،دھاندلی سے مسلط کردہ لوگ بینرز پر نہ جانے کس کا شکریہ ادا کر رہے ہیں،8فروری کے عام انتخابات میں ہونے والی دھاندلی نے پچھلے تمام انتخابات کی دھاندلی کو پیچھے چھوڑ دیا،ایم کیوایم کسی ایک پولنگ اسٹیشن پر بھی نہیں جیتی، 8 لاکھ ووٹ لینے والوں کو ایک سیٹ،جبکہ ڈیڑھ پونے دو لاکھ ووٹ والوں کو 25،25 سیٹیں دے دی گئیں، عوام کی رائے اور آر او کا دستخط شدہ نتیجہ ایک طرف رکھ دیا گیا، یہ کراچی اورپاکستان دشمنی ہے، آئین کی خلاف ورزی پر عوام اٹھ کھڑے ہوئے ہیں،جماعت اسلامی اپنی سیٹوں کےلئے جدوجہد کررہی ہے،پاکستان کے خلاف ہونے والی جعل سازی کوبے نقاب کریں گے۔انہوں نے انٹر میڈیٹ نتائج پر کہاکہ کراچی میں گیارہویں جماعت کے نتائج منسوخ کیے جائیں، جماعت اسلامی ان بچوں کو حق دلائے گی، گیس کی قیمتوں میں اضافہ ہرگزقبول نہیں کیا جائے گا۔

دریں اثناءجماعت اسلامی سندھ نے جی ڈے اے کی جانب سے انتخابات میں دھاندلیوں کیخلاف احتجاجی دھرنے کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ 08 فروری کو منعقدہ انتخابات میں بدترین دھاندلی نے ماضی کے تمام ریکارڈ توڑدیئے، جماعت اسلامی ظلم کیخلاف ہر مظلوم کے ساتھ ہے، جی ڈے اے کے دھرنے میں کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن شرکت کریں گے۔ دریں اثنا ججماعت اسلامی سندھ نے گیس مزید 65 فیصد مہنگی کرنے کی منظوری پرگہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی شرائط پرنگران حکومت کے اس ظالمانہ وعوام دشمن فیصلے سے صارفین پر242 ارب روپے کااضافی بوجھ پڑے گا۔گیس مزید مہنگی کرنے سے صنعتیں بند اوربیروزگاری ومہنگائی کا نیا طوفان آئیگا ،ظالم وغلام حکمران مہنگائی اورظلم ونااناصافیوں کے مارے عوام پررحم اورظالمانہ فیصلہ واپس لیا جائے۔