جو کچھ آپ کے بچوں نے کیا، وہ بھول نہیں سکتا

 

راولپنڈی (اُمت نیوز)گجرات کے معروف چوہدری خاندان نے اڈیالہ جیل میں ایک دوسرے پر شکوں کے انبار لگا دیے، ساتھ ہی دونوں خاندان کے درمیان دوریاں کم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہیں۔

پاکستان مسلم ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما پرویز الٰہی کے درمیان بات چیت اڈیالہ جیل میں ہوئی، جس کا احوال خاندان کی ہی ایک فرد نے سنایا۔

گزشتہ دنوں ہونے والی ملاقات میں پرویز الٰہی کی اہلیہ قیصرہ الٰہی اور سمیرا الٰہی موجود تھیں، قیصرہ الٰہی نے اپنے شوہر کو ملک کی موجودہ صورتحال پر اپ ڈیٹ کیا، ساتھ ہی شوہر کی طبیعت اور حال احوال بھی معلوم کیا۔

دوسری جانب چوہدری شجاعت حسین اور ان کے بیٹوں کی پرویز الٰہی سے ملاقات کی اندرونی کہانی بھی منظر عام پر آ گئی ہے۔

سمیرا الٰہی کے مطابق پرویز الٰہی نے چوہدری شجاعت سے ملاقات کے دوران شکوہ کیا کہ آپ کے بچوں نے جو کچھ کیا وہ میں کبھی بھلا نہیں سکوں گا۔

خاتون کے مطابق پرویز الٰہی اس موقف پر قائم ہیں کہ سیاسی فیصلہ بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان ہی کریں گے، جبکہ خاندان سے متعلق فیصلوں پر پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ میں اپنی اہلیہ قیصرہ الٰہی سے مشاورت کے بعد بتاؤں گا۔

دوسری جانب قیصرہ الٰہی اور ان کے شوہر کی ملاقات سے متعلق خاتون نے بتایا کہ سیاسی بات بس اتنی ہی ہوئی کہ وہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں۔

واضح رہے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے دوران جب عدم اعتماد کی تحریک لائی جا رہی تھی، تو انہی دنوں سے چوہدری خاندان میں پھوٹ پڑ گئی تھی، چوہدری پرویز الٰہی اور مونس الٰہی نے عمران خان کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا تھا جبکہ چوہدری شجاعت حسین اور ان کے بیٹوں نے پی ڈی ایم کا ساتھ دیا تھا