گیس بندش کیخلاف اورنگی میں خواتین کا احتجاج

 

کراچی (اسٹاف رپورٹر) اورنگی ٹاؤن میں گیس کی بندش کیخلاف خواتین سڑکوں پر نکل آئیں ۔ احتجاج سے ٹریفک معطل ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن بلاک ایف سیکٹر 14 میں گزشتہ 15، 20 روز سے گیس کی فراہمی معطل ہے جس کے باعث ہزاروں گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑے ہیں اور علاقہ مکین شدید اذیت میں مبتلا ہیں ۔مکینوں کے مطابق بیشتر آبادی میں 24 گھنٹوں کے دوران کسی بھی وقت گیس نہیں آتی اور لوگ لکڑی کے چولہے جلانے پر مجبور ہیں یا پھر سلنڈر میں گیس ڈلواتے ہیں اور دونوں چیزیں مہنگائی کے اس دور میں برداشت سے باہر ہیں اوپر سے گیس کا بل بھی پہلے سے دوگنا کر دیا گیا ہے۔۔کمپلینٹ کے باوجود کوئی کام نہیں ہو رہا ۔روزانہ یقین دلایا جاتا ہے کہ 24 سے 72 گھنٹوں میں مسئلہ حل ہو جائے گالیکن صورت حال جوں کی توں ہے ۔ اس سلسلے میں پیر کے روز علاقے کی خواتین سڑکوں پر نکلیں اور جوہر چوک پر کھڑی ہو کر احتجاج کرتی رہیں۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ اگر سوئی گیس حکام نے صورتحال کا نوٹس نہ لیا تو عنقریب بڑا احتجاج کیا جائے گا اور ریجنل آفس کا گھیراؤ کیا جائے گا ۔