پنجاب اور سندھ کے وزرائے اعلیٰ کا انتخاب آج ہوگا

 

لاہور(اُمت نیوز)عام انتخابات کے بعد آج ملک کے دو اہم صوبوں پنجاب اور سندھ میں وزرائے اعلیٰ کا انتخاب آج ہونے جارہا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے لیے پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج صبح گیارہ بجے ہوگا۔ ن لیگ کی سینیئر نائب صدر اور چیف ایگزیکٹو مریم نواز اورسنی اتحاد کونسل کے رانا آفتاب امیدوارہیں۔

ایوان میں ڈویژن کی بنیاد پر انتخاب ہوگا، حق رائے دہی کے لیے دونوں امیدواروں کے حامی مخصوص گیٹ سے گنتی کرا کے لابی میں چلے جائیں گے۔

 

پنجاب اسمبلی کا ایوان 327ارکان پر مشتمل ہے، ن لیگ کو 224 جبکہ سنی اتحاد کونسل کو 103 ارکان کی حمایت حاصل ہے۔قائد ایوان کے یئے 186 ارکان کی اکثریت حاصل کرنا ہے ۔

اجلاس سے قبل ن لیگ کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوگا جبہہ سنی اتحاد کونسل نے بھی اجلاس سے پہلے پارلیمانی پارٹی اجلاس طلب کررکھا ہے۔

مریم نواز اور سنی اتحاد کونسل کے امیدوار رانا آفتاب احمد خان کے کاغذات نامزدگی گزشتہ روز منظور کیے گئے تھے اسپیکر ملک احمد خان نے امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال کی اور اسکروٹنی کے بعد کاغذات کو درست قرار دیا۔

آج وزیراعلیٰ کے انتخاب کی کارروائی شروع ہونے پر اسپیکر امیدواروں کے ناموں کا اعلان کریں گے، اس کے بعد انتخابی عمل شروع ہو گا ۔

اس کے لیےایوان کی تقسیم کا طریقہ کار اپنایا جائے گا، دونوں امیدواروں کے حامی اپنے لیے مخصوص کی گئی لابی میں چلے جائیں گے، ایوان کی اکثریت حاصل کرنے والا امیدوار وزیراعلیٰ پنجاب قرار دیا جائے گا۔

انتخاب کا عمل مکمل ہونے کے بعد اسپیکر قائد ایوان کا اعلان کرے گا اور حلف برداری کی تقریب کیلئے گورنر پنجاب کو مطلع کرے گا۔

تمام اراکین اسمبلی بسوں میں بیٹھ کر گورنر ہاؤس پہنچیں گے، اس کے لیے 6 بسوں کا انتظام کیا گیا ہے۔4 بسوں میں مسلم لیگ ن کے اراکین سوار ہوں گے، ایک میں خواتین اییم پی ایز جبکہ ایک میں مسلم لیگ ق، پیپلزپارٹی، آئی پی پیز اور مسلم لیگ ضیاء کے ارکان ہنجاب اسمبلی سوار ہوں گے۔

واضح رہے کہ ہفتہ 24 فروری پنجاب اسمبلی میں مسلم ن لیگ اور اتحادی جماعتوں کے مشترکہ امیدوار ملک محمد احمد خان 224 ووٹ لے کر اسپیکر جبکہ ظہیر اقبال چنڑ 220 ووٹ لے کر ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

دوسری جانب سندھ کی وزرات اعلیٰ کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوارمراد علی شاہ اور ایم کیو ایم پاکستان کے امیدوار علی خورشیدی مدِمقابل ہیں۔

دونوں کے کاغذات نامزدگی جانچ پڑتال کے بعد منظور کرلیے گئے ہیں۔

نومنتخب اسپیکر اویس قادرشاہ نے منصب سنبھالنے کے بعد وزیراعلیٰ کے انتخاب کا شیڈول جاری کیا، مراد علی شاہ کے کاغذات نامزدگی رکن اسمبلی غلام قادر چانڈیو اور ایم کیو ایم کے علی خورشیدی نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے۔