سنی اتحاد کونسل نے صدارتی امیدوار محمود خان اچکزئی کی حمایت کر دی

اسلام آباد (اُمت نیوز) سنی اتحاد کونسل نے صدارتی امیدوار محمود خان اچکزئی کی حمایت کر دی۔

پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کچھ دیر بعد صدارتی انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے محمود خان اچکزئی کی حمایت کی اجازت دی ہے۔

یاد رہے کہ عام انتخابات میں محمود اچکزئی این اے 266 قلعہ عبد اللہ کم چمن سے 67 ہزار 28 ووٹ لیکر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے صدارتی الیکشن کیلئے کاغذات نامزدگی حاصل کر لئے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے 9 مارچ کو صدارتی انتخاب کے شیڈول کا اعلان کر رکھا ہے جس کیلئے کاغذات نامزدگی 2 مارچ کو دوپہر 12 بجے سے پہلے جمع کرائے جا سکیں گے۔

الیکشن شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 4 مارچ کو ریٹرننگ آفیسر صبح 10 بجے کریں گے، کاغذات نامزدگی 5 مارچ دوپہر 12 بجے تک واپس لئے جا سکیں گے، امیدواروں کی فہرست 5 مارچ کو 1 بجے آویزاں کی جائے گی اور دستبردار ہونے کی تاریخ 6 مارچ ہوگی۔

صدارتی انتخاب کیلئے پولنگ 9 مارچ کو صبح 10 سے شام 4 بجے تک پارلیمنٹ ہاؤس اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں ہوگی۔