پاک آرمی کا گوادرمیں آپریشن،متاثرہ خاندان محفوظ کیمپوں میں منتقل

راولپنڈی (اُمت نیوز) پاکستان آرمی کی طرف سے گوادر ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن جاری ہے ، گزشتہ 48 گھنٹوں میں متاثرہ علاقوں کے خاندانوں کو خوراک، پانی، دوائیں اور بستریں فراہم کرنے کے بعد انہیں مختلف محفوظ کیمپوں میں منتقل کیا گیا۔

گوادر کے متاثرہ علاقوں میں ڈی واٹرنگ کارروائیاں جاری ہیں ، جن میں ملا فاضل چوک، جنت بازار، شاہین چوک، سربندر اور جیوانی شامل ہیں، 20 خاندان GPA ریسٹ ہاؤس میں مقام پذیر ہیں جبکہ 43 خاندان ملاح بینڈ وارڈ سے فقیر کالونی اور ملاح بینڈ پرائمری سکول منتقل کیے گئے ، سول انتظامیہ اور فوج کے 34 واٹر پمپ علاقوں میں موجود 8 میڈیکل کیمپس قائم کئے گئے۔

مریضوں کے علاج کے لئے گوادر شہر کے قریب بازنجو فٹبال کلب اور آر سی ڈی سی کے پاس کیمپ لگایا گیا، جیوانی میں روہبر گاؤں اور سربندر میں بھی سیٹ اپ قائم کیے گئے ہیں، جہاں 1500 سے زائد مریضوں کا علاج کیا گیا اور 860 متاثرہ خاندانوں کو 23 ٹن راشن فراہم کیا گیا ہے۔

29 فروری کی رات 5 گھنٹے آپریشن جاری رہا، مختلف مقامات پر لوگوں کو بحفاظت سیلاب سے نکال لیا گیا، 7 افراد پر مشتمل ایک خاندان نگور آکڑہ علاقے میں پھنس گیا تھا، آپریشن کے بعد خاندان کے تمام افراد بشمول 35 مویشیوں کو محفوظ جگہ منتقل کر دیا گیا۔

29 فروری کی رات اور یکم مارچ کی صبح، ایک مشکل آپریشن کےدوران پاک فوج اور کوسٹ گارڈ کے جوانوں نے شبی ندی کنٹانی اور پالیری پر سیلابی ریلے میں پھنسے 8 افراد کو باحفاظت باہر نکالا، پانی کا بہاؤ بہت زیادہ تھا لیکن جوانوں نے جان کی پرواہ کیے بنا انہیں بحفاظت نکل کر محفوظ مقام پر منتقل کردیا۔

واضح رہے کہ 27 فروری کو گوادر میں 30 گھنٹے تک لگاتار بارش ہوئی جس سے پورا شہر زیر آب آ گیااور نشیبی علاقے مکمل طور پر ڈوب گئے تھے۔