فائل فوٹو
فائل فوٹو

شبلی فراز کی راہداری ضمانت منظور، عدالتوں میں پیش ہونے کا حکم

پشاور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر شبلی فراز کی راہداری ضمانت منظور کرتے ہوئے 20 دن میں متعلقہ عدالتوں میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس محمد ابراہیم خان نے پی ٹی آئی کے شبلی فراز کی راہداری ضمانت کے لئے دائر درخواستوں پر سماعت کی۔

درخواست گزار کے وکیل نعیم پنجوتہ نے عدالت کو بتایا کہ مختلف اضلاع میں شبلی فراز کے خلاف 20 سے زائد مقدمات ہیں اور شبلی فراز متعلقہ عدالتوں میں پیش ہونا چاہتے ہیں لیکن گرفتاری کا خدشہ ہے۔

وکیل درخواست گزار کا مزید کہنا تھا کہ شبلی فراز کے خلاف اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں 20 مقدمات درج ہیں۔

عدالت نے شبلی فراز کی راہداری ضمانت منظور کرکے 20 دن کے اندرمتعلقہ عدالتوں میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

پشاور ہائیکورٹ نے شبلی فراز کو ایک لاکھ روپے کے مچلکے بھی جمع کرانے کا حکم دیا۔

یاد رہے کہ 7 مارچ 2023 کو پولیس نے شبلی فراز پر اسلام آباد پولیس ٹیم کو دھمکانے پر ایف آئی آر درج کی تھی۔