وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا بھینس اور مرغی پال کر دن بدلنے کا فارمولا

 

ڈیرہ اسماعیل خان(اُمت نیوز)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ ہمارے نوجوان کلاس فور کی نوکری کے لیے پانچ سے چھ لاکھ روپے رشوت دے رہے ہیں، نوجوان اپنی بھینس پال کر بہتر روزگار کما سکتے ہیں۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں میڈیا سے گفتگو میں علی امین گنڈا پور نے جہاں ملک کی سکیورٹی کی بات کی وہیں، بے روزگار نوجوانوں کو بھینس اور مرغیاں پالنے کا مشورہ بھی دیا۔

انھوں نے کہا کہ وہ قوم بنتی ہے جو اپنے پاؤں پہ کھڑی ہو، خیرات کے پیسے سے قومیں نہیں بنتی، خواتین کو گھروں میں روزگار دیں گے اور نوجوانوں کو مختلف کاموں میں مہارت سکھائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ دیگر ممالک سے ہماری بات چیت شروع ہوگئی ہے ہم اپنے لوگوں کو ٹریننگ دے کر روزگار مہیا کریں گے، اس کے علاوہ تربیت دے کر اپنے صوبے کے لوگوں کو بیرون ملک بھیجیں گے تاکہ وہ بہتر روزگار کما سکیں۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ عمران خان نے جب بھینس پالنے کا کہا تھا تو لوگوں نے اس بات کا مذاق اڑایا تھا۔ چھ لاکھ روپے کی بھینس 15 سے 16 کلو دودھ دیتی ہے جس سے اچھا روزگار کمایا جا سکتا ہے۔

علی امین نے مزید کہا کہ ملاوٹ شدہ دودھ 180 روپے کلو مل رہا ہے، اگر ہمیں 250 روپے میں خالص دودھ ملے تو ہم لینے کو تیار ہیں۔