بابر کو دوبارہ کپتان بنانے پر شاہد آفریدی نے خاموشی توڑ دی

 

لاہور (اُمت نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے بابر اعظم کو دوبارہ کپتان نامزد کیے جانے پر شاہد آفریدی نے خاموشی توڑ دی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ میں سلیکشن کمیٹی میں موجود اتنے تجربہ کار کھلاڑیوں کے فیصلے پر حیران ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں سمجھتا ہوں تبدیلی ضروری تھی تو محمد رضوان کا انتخاب بہترین ہوتا، چونکہ فیصلہ ہو گیا ہے تو میں پاکستان کرکٹ ٹیم اور بابر اعظم کیلئے مکمل حمایت اور نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بابر اعظم کو ایک بار پھر ٹی 20 اور ون ڈے کا کپتان مقرر کر دیا، سلیکشن کمیٹی کی متفقہ رائے کے بعد چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بابر اعظم کو کپتان مقرر کیا۔

بابر اعظم نے 2023ء کے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے بعد ون ڈے اور ٹی 20 کی کپتانی چھوڑنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد ٹی 20 ٹیم کی کپتانی شاہین آفریدی کو سونپی گئی، ٹیسٹ ٹیم کا کپتان شان مسعود کو بنا دیا گیا تھا۔