را کیلئے ریکی کرنے کا کیس، ملزم جہانزیب کو رہا کرنے کا حکم

 

کراچی: (اُمت نیوز) سندھ ہائی کورٹ نے بھارتی خفیہ ایجنسی را کے لیے ریکی کرنے اور دہشت گردی پھیلانے کے عوض فنڈ حاصل کرنے کے کیس میں ملزم جہانزیب بھٹی کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔

عدالت نے ملزم کو ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض جیل سے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے کہا کہ جن دفعات کے تحت ملزم کو گرفتار کیا گیا اس میں سزا 5 سال قید ہے، ریکارڈ کے مطابق ملزم ایک سال جیل میں گزار چکا ہے، مقدمے میں ملزم پر براہ راست الزام نہیں بلکہ مرکزی ملزمان سے رابطے پر گرفتار کیا گیا ہے۔

پراسیکیوٹر نے کہا کہ ملزم جہانزیب بھٹی طالبعلم ہے اور را کا ایجنٹ ہے، تحقیقات کے شواہد فارنزک کے لیے بھیجے گئے ہیں، رپورٹ موصول نہیں ہوئی۔

راج علی واحد ایڈووکیٹ نے کہا کہ ملزم ایک سال سے گرفتار ہے کیس کا حتمی چالان پیش نہیں ہوا، عدالت نے کہا کہ شواہد سے لگتا ہے کیس میں مزید تحقیقات کی ضرورت ہے۔

بعدازاں سندھ ہائی کورٹ نے ملزم جہانزیب بھٹی کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض جیل سے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔