امت رپورٹ:
فاسٹ کمپنی نے حال ہی میں ’’اے آئی۔ اے گیم چینجر فار فری لانسرز‘‘ کے عنوان سے ایک مضمون شائع کیا ہے، جو موجودہ دور میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) کی اہمیت اور اس کے ذریعے فری لانسنگ کرکے کروڑوں روپے آمدنی کے ذرائع پر روشنی ڈالتا ہے۔ ’’پرو پاکستانی ‘‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق اگرچہ یہ مضمون ایلیٹ کلاس سے تعلق رکھنے والے پیشہ ور افراد پر فوکس کرتا ہے، جس کے لئے ’’سپر بلڈرز‘‘ کی اصطلاح استعمال کی گئی ہے۔ خاص طور پر وہ لوگ جو فیس بک ، ایپل، ایمزون، نیٹ فلکس اور گوگل جیسی بڑی ٹیک کمپنیوں کا پس منظر رکھتے ہیں۔ تاہم یہ متوسط طبقے اور عام فری لانسرز کے لئے بھی اے آئی کے ذریعے آمدنی کے بہترین مواقع فراہم کرتا ہے۔
یہ بڑے پیمانے پر تسلیم کیا گیا ہے کہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) کی مہارتیں ناقابل حد تک منافع بخش ہیں، جس کی اوسط تنخواہ ایک لاکھ اکتالیس ہزار ڈالر (تین کروڑ بانوے لاکھ پاکستانی روپے سے زائد ) سے لے کر دولاکھ بیس ہزار ڈالر (چھ کروڑ گیارہ لاکھ سے زائد پاکستانی روپے) تک ہے۔ سیلری ڈاٹ کام کے اندازوں کے مطابق اے آئی انقلاب کو ہوا دینے کے لئے کچھ کمپنیوں نے نو لاکھ ڈالر (تقریباً پچیس کروڑ پاکستانی روپے) سے زیادہ تنخواہوں کی پیشکش بھی کی ہے۔ جس کی مثال نیٹ فلکس کے پروڈکٹ منیجر کی پوزیشن سے ملتی ہے۔
ان ناقابل یقین تنخواہوں کے علاوہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے دائرے میں تین مخصوص مہارتیں ہیں، جو بہت زیادہ منافع بخش ہیں۔ سیلری ڈاٹ کام اور زپ ریکروٹر کے ڈیٹا کے مطابق دوہزار چوبیس میں اے آئی کی ان مہارتوں کے ذریعے اوسطاً ایک لاکھ ڈالر (تقریباً دوکروڑ اٹہتر لاکھ پاکستانی روپے) آمدنی بھی کمائی جاسکتی ہے۔ ان تین مہارتوں میں ’’پروڈکٹ مینجمنٹ ‘‘ سرفہرست ہے، جس کی بہت زیادہ مانگ ہے۔ خاص طور پر ٹیک کے دائرے سے باہر کے کاروباروں میں، جنہیں اپنے کام کو بڑھانے کے لئے ایپس اور پروڈکٹس کی ضرورت ہوتی ہے۔ ایک فری لانس پروڈکٹ منیجر کے طور پر آپ مصنوعات کو اپ ڈیٹ کرکے نئے پروڈکٹ آئیڈیاز کی توثیق کے لئے اپنی مہارت کا استعمال کرتے ہیں۔
اگر آپ پہلے ہی پروڈکٹ ڈویلپمنٹ یا مینجمنٹ کا پس منظر رکھتے ہیں تو پھر آپ کے پاس ایک قابل قدر مہارت ہے جو آپ کو ایک کامیاب فری لانس کیریئر دے سکتی ہے۔ اس مہارت کے لئے اوسطاً تنخواہ کی حد اکیاون ہزار پانچ سو ڈالر سے ایک لاکھ ستانوے ہزار ڈالر تک ہے۔
ایل ایل ایم ایس، ڈیٹا سائنس اور جنریٹو اے آئی کے ماہر افراد کی مانگ اگرچہ کچھ کم ہے۔ لیکن اگر آپ کے پاس ایل ایل ایم ایس، ڈیٹا سائنس یا جنریٹو اے آئی کا گہرا تجربہ ہے تو کارپوریٹ دنیا میں بطور کنسلٹنٹ آپ کو ایک شاندار نوکری مل سکتی ہے۔ جس کی اوسطاً تنخواہ اکسٹھ ہزار دوسو باسٹھ ڈالر سے لے کر دو لاکھ بیس ہزار ڈالر تک ہوسکتی ہے۔
اسی طرح آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی دنیا میں سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ کی مہارت کی بھی بہت زیادہ مانگ ہے۔
ایسے فری لانسرز جو سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ میں مہارت رکھتے ہیں، وہ انٹرنیٹ آف تھنگز سے لے کر ای کامرس پلیٹ فارمز اور موبائل ایپس کے مختلف فری لانس پروجیکٹس میں پرکشش آمدنی حاصل کرسکتے ہیں۔ سافٹ ویئر ڈویلپر کا کردار مشورہ دینا، تجاویز دینا، دوسروں کو سافٹ ویئر تیار کرنے کا طریقہ سکھانا ، یا براہ راست خود پروڈکٹ بنانا ہوسکتاہے۔ اس مہارت کی اوسط تنخواہ اناسی ہزار ڈالر سے لے کر ایک لاکھ دس ہزار ڈالر تک ہوسکتی ہے۔