نماز جنازہ میں کئی ممالک سے آنے والی شخصیات، فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ سمیت ہزاروں افراد شریک تھے، فائل فوٹو
نماز جنازہ میں کئی ممالک سے آنے والی شخصیات، فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ سمیت ہزاروں افراد شریک تھے، فائل فوٹو

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی و دیگر کی نمازِ جنازہ ادا، رقت آمیز مناظر

تہران: ہزاروں افراد کی موجودگی میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور جاں بحق ہونے والے دیگر اعلیٰ حکام کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ اس موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھے گئے۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور ان کے ساتھیوں کی میتیں طیارے کے ذریعے تبریز سے تہران لائی گئیں، ایئرپورٹ پر جاں بحق ایرانی صدر کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے والے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی نماز جنازہ دارالحکومت تہران میں ادا کی گئی۔ ایرانی رہبر اعلیٰ علی خامنہ ای نے نماز جنازہ پڑھائی۔ مرحومین کے جسد خاکی کو طیارے کے ذریعے تبریز سے تہران پہنچایا گیا۔

Iran Presidnet and others funeral 1

مرحوم صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین عبداللہیان اور حادثے میں جاں بحق ہونے والے دیگر افراد کی نماز جنازہ میں کئی ممالک سے آنے والی شخصیات، فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ سمیت ہزاروں افراد شریک تھے۔

وزیراعظم  شہباز شریف ایرانی  صدر سید ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ کی وفات  پر تعزیت کیلئے تہران پہنچ گئے، وزیر اعظم کے ہمراہ ڈپٹی وزیر اعظم  و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر اعظم شہبازشریف ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ  خامنہ ای سے بھی ملاقات کریں گے جبکہ قائم مقام صدر ڈاکٹر محمد مخبر سے بھی ملاقات میں اظہار افسوس کریں گے۔

ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق مرحوم صدر ابراہیم رئیسی کو مشہد میں امام علی رضا کے روضے کے احاطے میں سپرد خاک کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔