چیئرمین وسابقہ چیئرمین سی ڈی اے کی سربراہی میں اجلاس کا انعقاد

اسلام آباد : چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) محمد علی رندھاوا اور سابق بیوروکریٹ وسابقہ چیئرمین سی ڈی اے کامران لاشاری کی سربراہی میں پیر کے روز ایک اہم اجلاس منعقد ہوا. اجلاس میں سی ڈی اے کے بورڈ ممبران سمیت اعلیٰ افسران نے شرکت کی.اجلاس میں چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے اسلام آباد کی خوبصورتی میں اضافے کے لئے شروع کئے جانے والے نئے منصوبوں سے آگاہ کیا اور اسلام آباد میں پہلے سے موجود منصوبوں کے آپریشنز کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا. مزید برآں اجلاس میں اسلام آباد میں پہلے سے موجود پراجیکٹس کی مرمت اور بہتری پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی. سابقہ بیوروکریٹ و سابقہ چیئرمین سی ڈی اے نے سی ڈی اے کی ٹیم کو نئے منصوبوں پر اہم اور مفید مشورے دئیے

اجلاس میں پورے اسلام آباد کی لینڈ سکیپنگ اور تزین و آرائش پر تفصیلی بریفننگ بھی دی گئی.سابقہ بیوروکریٹ و سابقہ چئیرمین سی ڈی اے کا مران لاشاری نے کہا کہ شہر میں ترقیاتی کام اور اس کو خوبصورت بناتے وقت شہریوں کی ضروریات اور پسند کو مدنظر رکھنا چاہیے. انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد کو سرسبز تشخص اور قدرتی مناظر منفرد بناتے ہیں اسلئے اسلام آباد کے قدرتی مناظر اور ہریالی کا تحفظ اور پرورش کرکے اسے قدرتی شہر کے طور پر ڈویلپ کیا جائے. کامران لاشاری نے مزید کہا کہ شہر کی خوبصورتی کے لئے نئے منصوبوں کے ساتھ ساتھ پہلے سے قائم منصوبوں کی دیکھ بھال بھی شہر کی خوبصورتی کے لئے اہم ہے. انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں ایسے تفریحی مقامات بنائے جائیں جہاں شہریوں کی آسانی سے رسائی ضروری ہو

چیئرمین سی ڈی اے چوہدری محمد علی رندھاوا نے کہا کہ ایسے تفریحی منصوبے شروع کئے جائیں گے جو عوام دوست ہونگے. اسی طرح شہر میں تفریح کی فراہمی کےلئے کئی منصوبے زیر غور ہیں.چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے مزید کہا کہ کامران لاشاری صاحب کے تجربات سے رہنمائی لی جائے گی کیونکہ شہر کو خوبصورت بنانے کے لئے کامران لاشاری صاحب کی خدمات گراں قدر ہیں.