دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے تباہ کر دیے گئے، فائل فوٹو
دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے تباہ کر دیے گئے، فائل فوٹو

لکی مروت میں فورسز کی کارروائی، 11 دہشت گرد ہلاک

راولپنڈی: لکی مروت میں  فورسز نےکارروائی کرتے ہوئے 11 دہشت گرد ہلاک کردیے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق9 جون کو لکی مروت میں کیپٹن محمد فراز الیاس اور صوبے دار میجر محمد نذیر کی شہادت کے بعد سیکیورٹی فورسز کا آپریشن ہوا جس میں دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے تباہ کر دیے گئے اور گیارہ دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 10 اور 11 جون 2024 کی رات ضلع لکی مروت میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن شروع کیا تاکہ اس گھناؤنے فعل کے ذمے داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جاسکے۔

آپریشن کے دوران فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا مؤثر انداز میں سراغ لگایا جس کے نتیجے میں گیارہ دہشت گردوں کو کامیابی کے ساتھ ہلاک کیا گیااوران کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ کر دیے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں پائے جانے والے کسی دوسرے دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے کیونکہ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔