سری لنکا نے دوسری بار ٹائٹل اپنے نام کرلیا، فائل فوٹو
سری لنکا نے دوسری بار ٹائٹل اپنے نام کرلیا، فائل فوٹو

ہانگ کانگ سپر سکسز؛ فائنل میں پاکستان کو شکست

مونگ کوک: ہانگ کانگ ورلڈ سپر سکسز ٹورنامنٹ کے فائنل میں سری لنکا نے پاکستان کو شکست دے کر دوسری بار ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

 

ایونٹ کے فائنل میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، ابتدائی اوور میں ہی گرین شرٹس کے 2 کھلاڑی جلد پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کی جانب سے محمد اخلاق کے علاوہ کوئی بیٹرلنکن بالرز کا مقابلہ نہ کرسکا، انہوں نے 48 رنز کی اننگز کھیلی، دیگر بیٹر میں کپتان فہیم اشرف 13، عامر یامین 6، آصف علی صفر جبکہ حسین طلعت ایک رن کے مہمان ثابت ہوئے۔

گرین شرٹس کی پوری ٹیم مقررہ 6 اوورز میں 72 رنز بناکر آؤٹ ہوئی۔سری لنکا کی جانب سے دھننجایا لکشن اور تھرندو رتھنائیکے نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی جانب سے محتاط آغاز کیا گیا تاہم ایک اوور قبل 3 وکٹوں کے نقصان پر 73 رنز کا ہدف حاصل کرلیا۔

سری لنکا کی جانب سے سندون ویراکوڈی 34، دھننجایا لکشن 2، کپتان لہورو مدھوشانکا 19 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔