مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش

 

مہاجر قومی موومنٹ (ایم کیو ایم حقیقی) کے چیئرمین آفاق احمد کو انسداد دہشتگردی منتظم عدالت میں پیش کردیا گیا۔ انہیں سخت سیکیورٹی میں بکتر بند گاڑی کے ذریعے عدالت لایا گیا، جبکہ بڑی تعداد میں کارکنان بھی عدالت کے باہر موجود تھے اور نعرے بازی کرتے رہے۔

آفاق احمد پر الزام ہے کہ انہوں نے عوام کو اشتعال دلا کر کراچی میں ہیوی ٹریفک کے خلاف کارروائیوں پر اکسایا، جس کے نتیجے میں مال بردار گاڑیوں کو نذر آتش کیا گیا۔ پولیس کے مطابق، کورنگی میں ٹرک جلانے کے مقدمے میں انہیں گرفتار کیا گیا ہے، اور ان کے خلاف جلاؤ گھیراؤ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ہی کراچی میں ٹریفک حادثات کے بعد مشتعل افراد نے متعدد مال بردار ٹرک اور واٹر ٹینکرز کو نذر آتش کر دیا تھا، جس کے بعد ٹرانسپورٹرز نے احتجاجاً مختلف شاہراہوں پر دھرنا دیا۔ پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو نے ان واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے کہا تھا کہ کسی کو بھی املاک کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس سلسلے میں 10 سے زائد افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔۔

قبل ازیں، ایک پریس کانفرنس میں آفاق احمد نے کہا تھا کہ گزشتہ 40 دنوں میں 92 افراد ٹرکوں اور ڈمپروں کے نیچے کچلے گئے ہیں، اور بعض مقامات پر عوام نے غصے میں آ کر گاڑیوں کو نذر آتش کیا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی تھی کہ احتجاج ضرور کریں، مگر گاڑیوں کو آگ نہ لگائیں۔ تاہم، پولیس کا مؤقف ہے کہ آفاق احمد کے اشتعال انگیز بیانات کے نتیجے میں شہر میں جلاؤ گھیراؤ کے واقعات میں اضافہ ہوا۔