ہم نواز شریف کی طرح ڈیل نہیں،انصاف چاہتے ہیں: اسد قیصر
پی ٹی آئی کا جمعے کو ملک گیر احتجاج، بجٹ روکنے کا بھی اعلان
پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد قیصر—فائل فوٹو
پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ ہم نواز شریف کی طرح ڈیل نہیں بلکہ انصاف چاہتے ہیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ بانئ پی ٹی آئی کے فیصلے میرٹ پر کیے جائیں۔
اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے مطالبہ کیا کہ بشریٰ بی بی اور بانئ پی ٹی آئی کو اسپتال منتقل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان اور پارلیمانی پارٹی اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے ہیں اور جمعے کے روز ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا جا رہا ہے۔
اسد قیصر کے مطابق پارلیمانی پارٹی نے تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان کے چار نکات کو تسلیم کر لیا ہے اور تحریک کے فیصلوں پر عمل درآمد کی یقین دہانی بھی کروائی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجٹ آنے والا ہے، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ اسے منظور نہیں ہونے دیں گے، جبکہ ایمان مزاری سمیت سیاسی قیدیوں کے ساتھ ظلم روا رکھا جا رہا ہے اور اپوزیشن کی آوازیں بند کی جا رہی ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ملک کو دہشت گردی کا چیلنج درپیش ہے، نااہلی سے خارجہ پالیسیاں بنائی گئی ہیں اور خیبر پختون خوا میں صنعتیں بند ہوتی جا رہی ہیں۔
اسد قیصر نے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے اور آٹے، گیس اور سی این جی کی بندش ختم کی جائے۔