اسلام آباد: امریکی سفارت خانے نے بلوچستان میں ہونے والے جعفر ایکسپریس ٹرین پرحملے کی مذمت کرتے ہوئے بی ایل اے کو عالمی دہشت گرد گروپ قراردیا اور بیان میں کہا کہ مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
امریکی سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ جعفر ایکسپریس کے مسافروں کو یرغمال بنانے کی شدید مذمت کرتے ہیں، سفارت خانے نے بیان میں کہا کہ اس حملے کی ذمے داری بی ایل اے نے قبول کی جسے امریکا نے ایک عالمی دہشت گرد گروپ قرار دیا ہے۔
امریکی سفارت خانہ نے مذمتی بیان میں کہا کہ ہم متاثرین سے گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں، پاکستانی عموام کو تشدد اور خوف سے آزاد زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے۔
امریکی سفارت خانہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہم اس مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ امریکہ پاکستان کا مضبوط شراکت دار رہے گا۔
دوسری طرف چین نے بھی بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی حمایت جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔