واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انڈیا اور پاکستان کوخبردار کیا تھا کہ اگر لڑائی نہ روکی گئی تو امریکا دونوں ملکوں سے تجارت روک دے گا۔
وائٹ ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ہفتے کے روز میری حکومت نے بھارت اور پاکستان کے درمیان فوری اور مکمل سیز فائر کے لیے ثالثی کی۔ میرا خیال ہے کہ یہ ایک مستقل سیز فائر ہے۔ اس سے دو ایٹمی طاقتوں کے بیچ ایک خطرناک لڑائی کا خاتمہ ہوا۔
انھوں نے کہا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے خلاف کارروائیاں کر رہے تھے اور لگ رہا تھا کہ یہ سلسلہ رُکنے والا نہیں اور مجھے بہت فخر ہے کہ انڈیا اور پاکستان کی قیادت نے صورتحال کی سنگینی کو سمجھا۔ اور ہم نے بڑی مدد کی۔ٹرمپ نے کہا کہ انھوں نے تجارت اور ٹیرف کے ذریعے اس تنازع میں کلیدی کردار ادا کیا۔
ٹرمپ کے بقول میں نے کہا ہم آپ لوگوں کے ساتھ بہت تجارت کریں گے۔ آئیے اسے (لڑائی کو) روکتے ہیں۔ اگر آپ اسے روکیں گے تو ہم تجارت کریں گے ورنہ ہم آپ سے کوئی تجارت نہیں کریں گے۔ لوگوں نے تجارت اس طرح استعمال نہیں کی جیسے میں نے کی ہے۔
امریکی صدر نے کہا کہ اچانک انھوں نے کہا کہ ہم رُک رہے ہیں۔ وہ کئی وجوہات کی بنا پر رُک گئے تھے۔ تجارت ایک بڑی وجہ تھی۔ ’ہم بھارت اور پاکستان کے ساتھ بہت تجارت کریں گے۔ ہم بھارت سے تجارت (اور ٹیرف) پر مذاکرات کر رہے ہیں۔ جلد ہم پاکستان سے بھی مذاکرات کریں گے۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ ہم نے ایٹمی جنگ روک دی ہے۔ یہ ایک بُری ایٹمی جنگ ہو سکتی تھی جس میں لاکھوں ہلاکتیں ہو سکتی تھیں۔ مجھے اس پر بہت فخر ہے کہ امریکا نے لڑائی رکوا دی۔