فائل فوٹو
فائل فوٹو

کوئٹہ, پیپلز پارٹی کے ایم پی اے کی ریلی پر حملہ، ایک جاں بحق،10 افراد زخمی

کوئٹہ:  سریاب روڈ پر بلوچستان یونیورسٹی کے قریب پاکستان پیپلز پارٹی کے ایم پی اے علی مدد جتک کی ریلی پر نامعلوم شرپسندوں نے حملہ کردیا جبکہ ریلی پر فائرنگ کے علاوہ دستی بم پھینکے گئے، دھماکے میں ایک شخص جاں بحق اور 10 افراد زخمی ہوگئے، دھماکے میں ایم پی اے علی مدد جتک محفوظ رہے۔

پولیس نے بتایا کہ بدھ کو پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن بلوچستان اسمبلی علی مدد جتک کی قیادت میں سریاب کسٹم سے ریلی نکالی گئی جو شہر کی طرف آرہی تھی کہ بلوچستان یونیورسٹی کے قریب نامعلوم مسلح شرپسندوں نے منیر مینگل روڈ سے ریلی پر دستی بم پھینکا اور فائرنگ کی۔

دستی بم پھٹنے سے رکشہ سواروں سمیت 11 افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں کو فوری طور پر سول ہسپتال اور بولان میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا جہاں سول ہسپتال ٹراما سینٹر میں ایک زخمی محبوب علی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

دستی بم حملے میں ایک گاڑی اور ایک رکشہ کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ دھماکے میں ایم پی اے علی مدد جتک محفوظ رہے۔پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر موقع سے شواہد اکھٹے کئے۔