سعودی عرب میں حج کی تیاریاں جاری۔منیٰ میں 45 ہزار سے زائد خیمے نصب
مختلف مقامات پر 195 گراؤنڈ مینٹیننس سینٹرز قائم۔ تین ہزار سے زائد ٹیکنیشنز کا بھی بندوبست
وادی منیٰ میں عازمین کی رہائش کے تیار کیے گئے خیموں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
کدانہ ڈویلپمنٹ کمپنی کا کہنا ہے کہ وادی منیٰ کی عارضی خیمہ بستی میں 45 ہزار سے زائد خیمے نصب کیے گئے ہیں جو 3.5 ملین مربع میٹر رقبے پر محیط ہیں۔کمپنی کی جانب سے مشاعر مقدسہ (منیٰ، عرفات اور مزدلفہ) میں حج کے حوالے سے جدید انفراسٹرکچر تیار کیا ہے جس کے تحت جامع خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔
ایام حج میں مشاعر مقدسہ کی مستقل بنیادوں پر صفائی کو یقینی بنانے کے لیے منصوبے مرتب کیے گئے ہیں جبکہ ماحول کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے چھ ہزار سے زائد پھوار پولز، 1500 معکب میٹرفی گھنٹہ کی گنجائش کے پانچ آپریشن سٹیشن کے علاوہ 25 ہزار واٹر ٹینکوں کا بھی بندوبست کیا گیا ہے۔
کمپنی نے مختلف مقامات پر 195 گراؤنڈ مینٹیننس سینٹرز قائم کیے ہیں جبکہ تین ہزار سے زائد ٹیکنیشنز کا بھی بندوبست کیا گیا ہے تاکہ اصلاح و مرمت کی ضرورت پیش آنے پر فوری طورپر ٹیموں کو متاثرہ مقام پرروانہ کیا جا سکے۔ بنیادی ضروریات کے حوالے سے کمپنی نے بتایا کہ کدانہ نے 3400 واش روم کمپلیکس اور 212 موبائل یونٹس فراہم کیے ہیں جبکہ صفائی کے لیے 2500 کارکنوں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔