اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کے شہر احمد آباد میں ہونے والے طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ احمد آباد کے قریب بھارتی ائیر لائن کا مسافر طیارہ گر کر تباہ ہونے کے حادثے پر افسردہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں اور زخمیوں کے خاندانوں سے اظہارِتعزیت کرتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہماری دعائیں اور نیک تمنائیں اس دل سوز حادثے سے متاثر ہونے والوں کے ساتھ ہیں۔
قبل ازیں سابق وزیر اعظم نواز شریف، خواجہ آصف، پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی طیارہ حادثے اور اموات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔