محمد اورنگزیب کی سعودی فنڈ سربراہ سے ملاقات،اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق

سعودی عرب کے وزیر خزانہ کے ساتھ اپنی حالیہ ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات مضبوط اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں

               
April 14, 2026 · اہم خبریں

واشنگٹن ڈی سی — وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے بہار اجلاس 2026 کے موقع پر سعودی فنڈ برائے ترقی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلطان بن عبدالرحمان المرشد سے اہم ملاقات کی ہے۔

ملاقات کے دوران پاکستان کے لیے سعودی فنڈ برائے ترقی کی مسلسل معاونت پر اظہارِ تشکر کیا گیا اور آئندہ مالی و ترقیاتی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق ہوا۔

وزیر خزانہ نے گفتگو میں سعودی عرب کے وزیر خزانہ کے ساتھ اپنی حالیہ ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات مضبوط اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں۔

ملاقات میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال، خطے میں جاری کشیدگی اور اس کے عالمی توانائی و معاشی اثرات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم بنایا جائے گا، جبکہ ترقیاتی منصوبوں اور اقتصادی تعاون میں شراکت داری کو فروغ دیا جائے گا۔