پنجاب میں لوکل روٹس پر ٹرینیں چلانے کا منصوبہ شروع

وزیر اعلیٰ اور وفاقی وزیر ریلوے کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

               
April 17, 2026 · امت خاص, قومی

 

پنجاب میں ریلوے ٹرانسپورٹ کے منصوبے کا باقاعدہ آغاز ہو گیا، جس کے تحت لوکل روٹس پر ٹرینیں چلائی جائیں گی۔اس مقصد کے لیےحکومتِ پنجاب اور پاکستان ریلوے کے درمیان تاریخ ساز ایم او یو پر دستخط کیے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے دستخط کیے۔ صوبے میں جدید، تیز رفتار اور مربوط ریلوے نظام کی بنیاد رکھی جائے گی۔

معاہدے کے مطابق لاہور سے راولپنڈی کے درمیان پاکستان کی پہلی فاسٹ ٹرین چلائی جائے گی، جو 280 کلومیٹر کا سفر تقریباً سوا دو گھنٹے میں طے کرے گی۔ اس کے علاوہ پنجاب کے 20 ریجنز میں 8 لوکل روٹس پر مجموعی طور پر 1415 کلومیٹر طویل ریلوے نیٹ ورک قائم کیا جائے گا، جہاں جدید ترین ٹرینیں چلائی جائیں گی۔ حکومتِ پنجاب ان علاقائی روٹس کے لیے جدید ڈی ایم یو ٹرینیں، نئے انجن اور جدید کوچز فراہم کرے گی۔

اہم روٹس میں شاہدرہ تا نارووال (79 کلومیٹر)، نارووال تا سیالکوٹ (62 کلومیٹر)، رائیونڈ، قصور، پاکپتن تا لودھراں (370 کلومیٹر)، شیخوپورہ، جڑانوالہ تا شورکوٹ (220 کلومیٹر)، لالہ موسیٰ، ملکوال تا سرگودھا (147 کلومیٹر)، فیصل آباد تا چک جھمرہ و شاہین آباد (68 کلومیٹر) اور کوٹ ادو تا ڈیرہ غازی خان و کشمور (303 کلومیٹر) شامل ہیں۔

یہ منصوبہ بین الصوبائی رابطوں کو بھی مضبوط کرے گا۔

وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے اس منصوبے کو پاکستان ریلوے کی تاریخ کا اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ پنجاب کی معاونت سے 9 روٹس پر تقریباً 9 کروڑ افراد مستفید ہوں گے اور پنجاب میں ریلوے ٹرانسپورٹ کو یورپی معیار کے مطابق بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبے میں انقلابی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور ریلوے ٹرانسپورٹ پراجیکٹ کو بھی وہ خود لیڈ اور سپروائز کریں گی۔ اننظوں نے مزید کہا کہ صوبے میں ریلوے حادثات کے سدباب کے لیے خودکار نظام متعارف کرایا جا رہا ہے، ریلوے اسٹیشنز کی بیوٹیفکیشن، عالمی معیار کی پارکنگ اور دیگر جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ شاہدرہ سے رائیونڈ تک 40 کلومیٹر طویل گرین بیلٹس قائم کی جائیں گی۔ ریلوے ٹریک کے اطراف چار لاکھ سے زائد پودے لگائے جائیں گے تاکہ ماحول کو بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے لاہور کے تاریخی ریلوے اسٹیشن کی بہتری پر وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ بھی ادا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی رفتار اور وژن کے باعث صوبے میں ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں، اور ان منصوبوں کے ذریعے تقریباً 11 کروڑ عوام کو یورپی طرز کی جدید سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔