ایندھن بحران کے باعث برٹش ایئرویز کے ٹکٹ مہنگے ہونے کا خدشہ
آبنائے ہرمز کی بندش سے تیل کی قیمتیں بڑھیں، فضائی سفر مزید مہنگا ہوگا
برٹش ایئرویز کی پیرنٹ کمپنی انٹرنیشنل ایئرلائنز گروپ (IAG) نے خبردار کیا ہے کہ ایران کے ساتھ کشیدگی اور آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث تیل کی قیمتوں میں اضافے کے نتیجے میں فضائی ٹکٹ مہنگے ہو سکتے ہیں۔
گزشتہ روز جاری بیان میں کمپنی نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال کے باعث پروازوں کے اخراجات بڑھیں گے، جس کا براہِ راست اثر مسافروں پر پڑے گا۔
برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایئرلائنز عموماً “ہیجنگ” کے ذریعے پہلے سے مقرر قیمت پر ایندھن خرید کر مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کے اثرات سے بچنے کی کوشش کرتی ہیں، تاہم IAG نے تسلیم کیا ہے کہ موجودہ بحران کے اثرات سے مکمل طور پر محفوظ رہنا ممکن نہیں۔
کمپنی کے مطابق اگرچہ کچھ حد تک ایندھن کی قیمتیں پہلے سے طے کی جاتی ہیں، لیکن وسیع معاشی اثرات سے ایئرلائن انڈسٹری بھی متاثر ہو رہی ہے، جس کے باعث کرایوں میں اضافہ ناگزیر دکھائی دیتا ہے۔